امریکی محکمۂ محنت نے گرین کارڈ کے حصول کے لیے قواعد مزید سخت کرنے کی تجویز پیش کر دی۔
امریکی محکمۂ محنت کا کہنا ہے کہ مجوزہ اصلاحات کے تحت ہنر مند اور زیادہ تنخواہ والی ملازمتوں میں امریکی شہریوں کو غیر ملکیوں پر ترجیح دی جائے گی۔
امریکی محکمۂ محنت نے گزشتہ روز آجر کی معاونت سے گرین کارڈ حاصل کرنے کے ضوابط مزید سخت کرنے کے لیے ایک نیا قانون تجویز کیا ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد امریکی شہریوں کے حقوق اور ملازمت کے مواقع کا بہتر تحفظ یقینی بنانا ہے۔
امریکی محکمۂ محنت کے مطابق یہ تجویز تقریباً 20 برس میں مستقل لیبر سرٹیفکیشن پروگرام میں ضابطہ جاتی اصلاحات کا پہلا جامع پیکیج ہے۔
مجوزہ ضوابط کے تحت آجروں کو اخبارات میں ملازمت کے اشتہارات دینے کے بجائے آن لائن بھرتی کا طریقہ اختیار کرنا ہو گا، جبکہ ملازمت کے مواقع کے اشتہارات کم از کم 90 تقویمی دنوں تک جاری رکھنا بھی لازمی ہو گا۔
اس کے علاوہ آجروں کو یہ ثابت کرنا ہو گا کہ انہوں نے اہل امریکی کارکنوں کی بھرتی کے لیے سنجیدہ اور نیک نیتی پر مبنی کوششیں کی ہیں۔
محکمے کے مطابق آجروں کو ملازمت کی شرائط اس انداز میں مرتب کرنے سے بھی روک دیا جائے گا جس کا مقصد کسی مخصوص غیر ملکی کارکن کو بھرتی کے لیے موزوں بنانا ہو۔
مجوزہ قانون کے تحت ایک انتظامی استثنیٰ بھی ختم کر دیا جائے گا، جس کے باعث آجر فزیکل تھراپسٹس، نرسوں اور سائنس یا فنون کے شعبوں میں غیر معمولی صلاحیت رکھنے والے کارکنوں کے لیے امریکی لیبر مارکیٹ کی جانچ پڑتال کے عمل سے مستثنیٰ ہو سکتے تھے۔
محکمۂ محنت کے مطابق وہ آجر جنہوں نے گزشتہ 2 برس کے دوران امریکی کارکنوں کو ملازمت سے فارغ کیا ہے، انہیں انہی یا اسی نوعیت کے عہدوں کے لیے لیبر سرٹیفکیشن حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
مجوزہ ضابطے پر عوامی آراء اور تجاویز وفاقی رجسٹر میں اس کی اشاعت کے 60 روز کے اندر جمع کرائی جا سکیں گی