کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن نے کرائے 5 فیصد کم کرنے کا اعلان کر دیا۔
کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے صدر رانا اسلم کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے پر کرائے 5 فیصد کم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے براہِ راست عوام کو فائدہ پہنچتا ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف ٹول، ود ہولڈنگ اور دیگر ٹیکسوں پر بھی غور کریں۔رانا محمد اسلم کا کہنا ہے کہ دسمبر اور اگست کی ہڑتالوں میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے جو وعدے کیے تھے ان پر عمل کریں۔
اوگرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 4 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 5 روپے فی لیٹر کم کر دی گئی ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول کی نئی قیمت 314 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 348 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔