پنجاب پنچایت ایکٹ 2026 کے مسودے پر عوام سے 15 دسمبر تک تجاویز طلب کرلی گئیں۔ پنجاب میں دیوانی، خاندانی، جائیداد اور ہمسائیگی کے تنازعات پنچایت کے ذریعے حل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مجوزہ ایکٹ کے مطابق پنچایت کے ذریعے تنازعات کا تصفیہ صرف تمام فریقین کی رضامندی سے ممکن ہوگا۔ پنچایت کے ارکان 3 سال کیلئے مقرر کیے جائیں گے، دوبارہ تقرری کی بھی گنجائش ہوگی۔
ریٹائرڈ ججز، اساتذہ، وکلا، علمائے کرام اور ریٹائرڈ فوجی افسران پنچایتی مقرر ہوسکیں گے۔ پنچایتی اپنے فرائض بلامعاوضہ انجام دیں گے، کسی قسم کا معاوضہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مجوزہ ایکٹ کے مطابق خواتین کے خلاف تشدد اور جنسی جرائم کے معاملات پنچایت کے دائرہ اختیار سے خارج ہوں گے جبکہ غیرت کے نام پر جرائم، جنسی ہراسانی اور بچوں کیخلاف تشدد کے مقدمات بھی پنچایت میں نہیں سنے جاسکیں گے۔
ونی، سوارہ اور بدلے میں لڑکی دینے جیسی روایات کے تحت تصفیے پر پابندی کی تجویز دی گئی ہے۔ جبری شادی اور کم عمری کی شادی کے معاملات پنچایت کے دائرہ اختیار سے باہر ہوں گے۔
خواتین کے جائیداد کے حقوق اور مسلم پرسنل لاء کے خلاف پنچایت کوئی فیصلہ نہیں کر سکے گی۔
اسی طرح خواتین، بچوں، بزرگوں، خواجہ سراؤں اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مجوزہ قانون کا حصہ بنادیا گیا ہے۔ پنچایتیوں کی تقرری، نگرانی اور برطرفی کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کے سپرد ہوں گے۔
مجوزہ ایکٹ کے مطابق بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور جانبداری پر پنچایتی کو عہدے سے ہٹایا جاسکے گا۔ پنچایت کو عدالت کے عدالتی اختیارات حاصل نہیں ہوں گے۔ کردار صرف مصالحت اور قانونی تصفیے تک ہوگا۔
پنچایت کو تنازعات کے تصفیے کی کوشش 15 دنوں کے اندر مکمل کرنا ہوگی۔فریقین کی مشترکہ درخواست پر پنچایت کا تصفیہ متعلقہ عدالت میں بھجوایا جاسکے گا۔
عدالت غیرقانونی، دباؤ یا دھوکہ دہی سے کرائے گئے تصفیے کو مسترد کرنے کی مجاز ہوگی۔ پنچایت کی کارروائی، بیانات اور دستاویزات کو خفیہ رکھنے کی پابندی ہوگی