پنجاب حکومت نے زمین کے نظام میں اصلاحات کے سلسلے میں شہریوں کیلیے بڑی سہولت متعارف کروا دی۔ اب پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی پنجاب زمین ایپ کے ذریعے فرد ملکیت صرف 2 منٹ میں حاصل کی جا سکتی ہے۔
حکومت پنجاب، بورڈ آف ریونیو اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے منصوبے پلس کے تحت جاری کی گئی اس سروس کا مقصد زمینی خدمات کو ڈیجیٹل، آسان اور شفاف بنانا ہے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہ پڑے۔
شہری اب گھر بیٹھے موبائل فون سے ہی اپنی زمین کی تصدیق شدہ فرد حاصل کر سکتے ہیں۔
فرد حاصل کرنے کا طریقہ:
مرحلہ 1 – لاگ ان کریں: اپنا شناختی کارڈ نمبر اور پاس ورڈ کی مدد سے ایپ میں لاگ ان کریں
مرحلہ 2 – فرد کا انتخاب: ہوم اسکرین پر موجود Get Fard یعنی ’فرد حاصل کریں‘ کے بٹن پر کلک کریں
مرحلہ 3 – زمین کی تفصیل درج کریں:
اپنا ضلع، تحصیل اور موضع منتخب کریں، پھر خسرہ یا کھیوٹ نمبر درج کریں
مرحلہ 4 – فیس کی آن لائن ادائیگی:
اسکرین پر ظاہر ہونے والے PSID نمبر کے ذریعے 1 Bill یا موبائل بینکنگ سے فیس ادا کریں
مرحلہ 5 – فوری ڈیجیٹل فرد ڈاؤن لوڈ:
ادائیگی کی تصدیق ہوتے ہی تصدیق شدہ فرد آپ کے فون میں محفوظ ہو جائے گی جسے آپ ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ بھی کر سکتے ہیں
پنجاب زمین ایپ گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور دونوں پر دستیاب ہے۔