1000303861

وفاقی آئینی عدالت نے گور نرراج اور ایم پی او کیس میں 5 نومبر کے حکم امتناع میں ترمیم کردی۔ عدالت نے پشاورہائیکورٹ کو آرٹیکل 199 کے دیگرمقدمات سننےکی اجازت دے دی

وفاقی آئینی عدالت میں گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے 5 نومبر کے حکم امتناع میں ترمیم کرتے ہوئے واضح کیا کہ پشاور ہائیکورٹ دیگر آرٹیکل 199 کے مقدمات کی سماعت جاری رکھ سکتی ہے۔

دورانِ سماعت بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے عدالتی حکم سے پشاور ہائیکورٹ کی کارروائی متاثر ہوئی، جبکہ وکلا کی پریکٹس بھی رک گئی ہے۔

عدالت نے وضاحت کی کہ حکم امتناع کا اطلاق گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق معاملات پر تھا، پشاور ہائیکورٹ دیگر آئینی مقدمات سن سکتی ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 245 کی سادہ تشریح کے مطابق آرٹیکل 199 کے مقدمات نہیں سنے جاسکتے، تاہم اس کی لفظی تشریح کی جائے تو پورا عدالتی نظام جام ہو جائے گا۔ وفاقی آئینی عدالت نے پشاور بار کونسل کو بھی مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کو خیبرپختونخوا حکومت کی اپیل پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس یعنی ایم پی او کی دفعہ 3 کے تحت گرفتاریوں کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت سے روک دیا ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#Crime