1000006467

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت کا اہم اسٹریٹجک دفاعی و سیاسی اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں مکہ دفاعی اتحاد کی روشنی میں اٹھائے گئے اقدامات اور خطے کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس اہم بیٹھک میں یمن کی موجودہ صورتحال اور حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب پر مسلسل حملوں پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران مکہ دفاعی اتحاد کے تحت تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اور فوجی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر بھی بات چیت ہوگی۔

اسٹریٹیجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اس اجلاس کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ شہر میں آج مقامی عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے رواں برس اگست میں مکہ دفاعی اتحاد کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

اس سے قبل اتحاد کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا ہنگامی اجلاس گزشتہ ماہ ریاض میں ہوا تھا، جہاں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے مطابق اگلا اجلاس پاکستان میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan