گلشن آباد میں نجی ٹی وی کی اینکرپرسن ربیعہ احسن کی نمازجنازہ ادا کردی گئی ، گزشتہ روز ان کے شوہر نے فائرنگ کرکےقتل کر دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں نجی ٹی وی چینل کی اینکرپرسن ربیعہ احسن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، انہیں گزشتہ روز گھر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میں دفعہ 302 کے تحت درج کرلیا، جبکہ مقتولہ کے شوہر احسن کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔مقتولہ کے بھائی نے بتایا تھا کہ انہیں فون پر اطلاع ملی کہ ربیعہ احسن کو ان کے شوہر نے گولی مار دی ہے، جب وہ گھر پہنچے تو ربیعہ جاں بحق ہوچکی تھیں۔گھریلو ملازمین نے پولیس کو بتایا کہ میاں بیوی سردیوں کے کپڑے الماری سے نکال رہے تھے کہ اسی دوران بغیر لائسنس کی تیس بور پستول سامنے آگئی، شوہر نے پستول لہرائی تو اچانک گولی چل گئی۔پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق گولی ربیعہ احسن کی گردن کے نیچے والے حصے پر لگی۔پولیس کے مطابق ربیعہ کی احسن سے شادی 14 سال قبل ہوئی تھی، جبکہ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان کوئی ناچاقی نہیں تھی اور وہ خوشگوار زندگی گزار رہے تھے۔