1000304490

مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت کے دوران کیمبرج ڈکشنری نے سال 2026ء کے لیے ایک سادہ مگر اہم لفظ ’ہیومن‘ (انسان) کا انتخاب کیا ہے۔

کیمبرج ڈکشنری نے 17 نومبر کو سال کے اہم ترین لفظ کا اعلان کیا، جو اس بڑھتی ہوئی تشویش کی عکاسی کرتا ہے کہ انسانوں اور مشینوں کے درمیان فرق کیا ہے۔

لاطینی زبان کے لفظ ’ہیومنَس‘ سے ماخوذ لفظ ’ہیومن‘ انگریزی زبان میں 1450 کی دہائی سے بطور صفت استعمال ہورہا ہے، تاہم تقریباً 6 صدیوں بعد جدید ٹیکنالوجی کی ترقی نے اس لفظ کو ایک نئی اہمیت دے دی ہے۔

کیمبرج ڈکشنری کے ماہرِ لغت کولن میکانٹوش کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانی ہونے کے تصور کے بارے میں ہماری گفتگو کو تبدیل کررہی ہے.

ڈکشنری کے مدیران نے ’انسان کے لکھے ہوئے‘، ’انسان کے تیار کردہ‘ اور ’انسان کی تخلیق کردہ‘ جیسی اصطلاحات کے استعمال میں اضافہ دیکھا ہے، کیونکہ لوگ اب انسانی تخلیقات اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد میں فرق واضح کرنا چاہتے ہیں۔

یہ اعلان ایسے سال میں سامنے آیا ہے جب ہالی ووڈ کی معروف اداکاراؤں اسکارلٹ جوہانسن اور کیٹ بلانشیٹ سمیت کئی فنکاروں نے مصنوعی ذہانت کے نظام کی تربیت کے لیے انسانی تخلیقی صلاحیتوں کے غیر مجاز استعمال کے خلاف آواز اٹھائی۔

دوسری جانب مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے بھی بعض پیشوں، خصوصاً دیکھ بھال اور نگہداشت سے متعلق شعبوں کو صرف انسانوں کے لیے مخصوص رکھنے کی حمایت کی ہے۔

کیمبرج ڈکشنری کی فہرست میں دیگر الفاظ کون سے تھے؟

سال کے اہم ترین لفظ کے لیے زیرِ غور الفاظ میں ’ایجنٹ‘ بھی شامل تھا، جس سے مراد خودمختار مصنوعی ذہانت کے نظام ہیں، جبکہ ’اینالاگ‘ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے دور رہ کر حقیقی اور روایتی تجربات میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔

کیمبرج ڈکشنری مستقبل میں ’فوبو‘ (FOBO) کو بھی شامل کرنے پر غور کررہی ہے، جو ’غیر متعلق یا متروک ہوجانے کے خوف‘ کی اصطلاح کا مخفف ہے، یہ لفظ ان ملازمین کے خدشات کو ظاہر کرتا ہے جنہیں ڈر ہے کہ مصنوعی ذہانت ان کی جگہ لے سکتی ہے۔

واضح رہے کہ کیمبرج ڈکشنری نے 2025ء کے لیے ’پیرا سوشل‘ (Parasocial) کو سال کا اہم ترین لفظ قرار دیا تھا، جو مشہور شخصیات اور مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹس کے ساتھ یک طرفہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے

متعلقہ ٹیگز:#World