وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیوالی کے تہوار پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی میں ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دیوالی کا دیپ محبت کی جوت جگاتا ہے، ہندو بہن بھائیوں سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں زندگی کے ہر شعبے میں جائز حصہ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت گلدستہ ہے جہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھائی چارے اور باہمی احترام کے ساتھ رہتے ہیں، قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار کی روشنی میں اقلیتوں کی آزادی اور حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تیزی سے ایسے معاشرے کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں محبت، رواداری اور باہمی احترام ہماری پہچان ہوں گے، ہندو برادری سمیت تمام اقلیتیں پاکستان کے دلکش رنگ ہیں اور ان رنگوں کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں اقلیتی برادریوں کی مالی معاونت کیلئے خصوصی مینارٹی کارڈ متعارف کرایا گیا ہے جبکہ محفوظ پنجاب ویژن کے تحت مینارٹی ورچوئل پولیس سٹیشن بھی قائم کئے گئے ہیں۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کو پہلا سکھ میرج ایکٹ منظور کرنے کا اعزاز حاصل ہوا جبکہ زیر التوا ہندو میرج ایکٹ 2017 کی منظوری بھی دی گئی ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔