1000006471

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر مرلی کارتیک نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں فاسٹ بولر محمد سراج کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر ٹیم انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اسپورٹس نیٹ ورک پر گفتگو کرتے ہوئے مرلی کارتیک نے کہا کہ اگر ٹیم انتظامیہ کو سراج کی فارم یا بولنگ پر اعتماد نہیں تو انہیں دورے پر ساتھ لانے کا کیا فائدہ؟ کسی کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کر کے مسلسل موقع نہ دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دورانِ میچ کیمروں نے محمد سراج کو دھوپ کے چشمے کے پیچھے اپنے جذبات چھپاتے ہوئے دکھایا جس پر مرلی کارتیک اور سابق بھارتی بلے باز اجنکیا رہانے نے سوال اٹھایا کہ ’کیا وہ رو رہے ہیں؟‘

مرلی کارتیک کے مطابق سراج ایک جذباتی کھلاڑی ہیں جو ٹیم سے باہر ہونے پر دکھی دکھائی دے رہے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ بعض کھلاڑی تکلیف اور مشکلات کے باوجود کھیلنے کے لیے تیار رہتے ہیں اور سراج بھی انہی میں سے ایک ہیں۔

مرلی کارتیک نے کہا کہ انتظامیہ کو واضح فیصلہ کرنا چاہیے کہ سراج کو کھلانا ہے یا نہیں کیونکہ کسی کھلاڑی کو دورے پر لے جا کر مسلسل نظر انداز کرنا مناسب نہیں۔

متعلقہ ٹیگز:#Sports