لاہور پولیس کی جانب سے مولانا فضل الرحمن کی گرفتاری کی تردید کے بعد جمعیت علمائے اسلام ف کی کال پر ملک کے مختلف شہروں اور شاہراہوں پر ہونے والا احتجاج ختم کر دیے گئے۔
احتجاج ختم ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی بحالی کا عمل شروع ہو گیا اور بیشتر مقامات پر صورتِحال معمول پر آ گئی۔
لاہور پولیس نے ٹھوکر نیاز بیگ پر مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے گرفتاری دینے کی تردید کر دی اور کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں
ملک کے مختلف حصوں میں جے یو آئی کے احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی، تاہم احتجاج ختم ہونے کے بعد مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بحال ہونا شروع ہو گئی۔
کراچی میں الآصف اسکوائر کے قریب ٹریفک جام میں اسکول کے بچوں کی 3 وینیں پھنس گئیں، بچے تفریحی مقام سے واپس آ رہے تھے، حیدرآباد سے کراچی آنے والی گاڑیوں کا رخ پنجاب اڈے سے موڑ دیا گیا۔
پشاور میں موٹر وے ایم ون، مالاکنڈ میں سوات ایکسپریس وے اور بھیرہ انٹر چینج پر موٹر وے ایم ٹو ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔
بٹگرام میں ہزارہ ایکسپریس وے اور خیبر میں تختہ بیگ کے مقام پر پاک افغان شاہراہ بھی کھول دی گئی۔
نوشہرہ میں رشکئی انٹر چینج کے قریب جی ٹی روڈ جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں چشمہ چیک پوسٹ پر بھی آمد و رفت بحال ہو گئی، تاہم بنوں کے لنک چوک پر شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں۔
سکرنڈ بائی پاس پر جے یو آئی ف کا دھرنا ختم ہونے کے بعد ٹریفک کی بحالی کا عمل شروع کر دیا گیا، تاہم ٹریفک میں پھنسی گاڑیوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا، پولیس کی بھاری نفری ٹریفک کی روانی بحال کرانے میں مصروف رہی۔
لاہور میں چوہنگ کے قریب ملتان روڈ پر ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو پیدل سفر کرنا پڑا۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقوں مستونگ، قلات اور خضدار میں قومی شاہراہ این 25 جبکہ قلعہ سیف اللّٰہ میں این 50 پر آمد و رفت متاثر رہی، گلگت بلتستان میں چلاس اور تھور کے مقامات پر شاہراہ قراقرم پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
ادھر پشاور میں موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب احتجاج اور موٹر وے بند کرنے پر جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ تھانہ چمکنی میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے