1000305648

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں لاپتہ خواتین کی بازیابی کے کیس میں مخصوص تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔

دورانِ سماعت عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے خواتین کی بازیابی سے متعلق رپورٹ جمع کروا دی۔

آئی جی پنجاب نے بتایا کہ2021ء سے 2025ء تک 1 لاکھ سے زائد لاپتہ خواتین کے کیسز رپورٹ ہوئے، 387 خواتین کے کیسز ابھی تک حل نہیں ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ 2026ء میں21 ہزار 956 خواتین کے لاپتہ ہونے کے کیسز رپورٹ ہوئے، 2026ء کے1 ہزار781 کیسز حل ہونا باقی ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ خواتین لاپتہ ہونے کے کیسز زیادہ کہاں رپورٹ ہوئے

آئی جی پنجاب نے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ خواتین کے لاپتہ ہونے کے زیادہ تر کیسز لاہور میں رپورٹ ہوئے۔

چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ انویسٹی گیشن لاہور ونگ تسلی بخش کام نہیں کر رہی، لاہور کی انویسٹی گیشن ٹیم کو تبدیل کیا جائے، خواتین کی بازیابی کے کیسز میں خواتین پولیس افسران تعینات کریں۔

چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ1 ہزار 87 خواتین کو کیوں بازیاب نہیں کروایا گیا؟ آئی جی صاحب اپنے ماتحت افسران کو کہہ دیں کہ طریقہ کار بدلیں، لاہور پولیس کی ٹیم کام کرنے کے قابل نہیں، اس کو تبدیل کر دیں، لاہور میں اچھے افسر لگائیں جو کام کر سکیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ جو خواتین بازیاب ہوئیں ان کو کس کے حوالے کیا گیا؟ کیا حکومت کو کہہ دیں کہ خواتین بازیابی کیسز کے لیے الگ ونگ بنائے؟

چیف جسٹس نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ آپ حکومت سے بات کر کے آئندہ سماعت پر رپورٹ دیں۔

عدالت نے سرکاری وکیل کو حکومت سے ہدایت لے کر آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی

متعلقہ ٹیگز:#Crime