1000304909

نئے صوبوں پر ریفرنڈم کے خلاف پیپلزپارٹی کہتی ہے جب پارلیمنٹ ہے اور پارلیمنٹ میں عوام کے نمائندے ہیں تو یہ عوامی نمائندے عوام کے Behalf پر فیصلہ کریں گے، عوام کے پاس ریفرنڈم کے لیے کیوں جایا جائے

جمہوری اصولوں کے مطابق اصل حاکمیت عوام کے پاس ہوتی ہے اور پارلیمنٹ عوام کی امانت دار ہوتی ہے، نہ کہ ان کی مالک۔

پارلیمنٹ میں بیٹھے نمائندے عوام کی بجائے پارٹی پالیسی، سیاسی مصلحتوں اور قیادت کے احکامات کے پابند ہوتے ہیں۔اگر کوئی سیاسی جماعت انتخاب جیتنے کے بعد کوئی ایسا بڑا فیصلہ (جیسے نئے صوبوں کا قیام یا کسی عالمی بلاک میں شمولیت) کرنا چاہے جو اس کے انتخابی منشور کا حصہ ہی نہیں تھا، تو پارلیمنٹ کے پاس اس فیصلے کا اخلاقی مینڈیٹ نہیں ہوتا۔ ایسے میں ریفرنڈم ناگزیر ہو جاتا ہے پارلیمنٹ میں چند سو اراکین ہوتے ہیں، جنہیں سیاسی دباؤ، وزارتوں کے لالچ، یا پارٹی ڈسپلن (فلور کراسنگ کے قوانین) کے ذریعے کسی ایک خاص سمت میں ووٹ دینے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔

اس کے برعکس، کروڑوں عوام پر مشتمل رائے دہندگان کو نہ تو خریدا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی پارٹی سربراہ کے حکم سے باندھا جا سکتا ہے۔ ریفرنڈم فیصلوں کو سیاسی سودے بازی سے پاک کر دیتا ہے۔

جب ملک کی جغرافیائی حدود، آئینی ڈھانچے یا مستقبل کے حوالے سے کوئی غیر معمولی اور فیصلہ کن مرحلہ آتا ہے، تو دنیا کی مضبوط ترین پارلیمانی جمہوریتیں بھی محض چند سو نمائندوں کے ووٹ پر انحصار کرنے کے بجائے براہِ راست عوام سے رجوع کرتی ہیں

برطانیہ کی پارلیمنٹ کو دنیا میں "پارلیمانوں کی ماں" کہا جاتا ہے اور وہاں پارلیمانی بالادستی کا تصور سب سے مضبوط ہے۔ اس کے باوجود، جب یہ فیصلہ کرنا تھا کہ برطانیہ یورپی یونین (EU) میں رہے یا اس سے الگ ہو جائے، تو برطانوی حکومت اور پارلیمنٹ نے خود فیصلہ کرنے کے بجائے عوام سے رجوع کیا۔ برطانوی پارلیمنٹ کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق 23 جون 2016 کو ریفرنڈم کروایا گیا، جس میں 72.2 فیصد عوام نے ووٹ ڈالا اور 51.9 فیصد اکثریت کے فیصلے کے تحت برطانیہ یورپی یونین سے الگ ہوا

برطانیہ میں مرکزی پارلیمنٹ (ویسٹ منسٹر) اور اسکاٹ لینڈ کی اپنی مقامی پارلیمنٹ موجود ہونے کے باوجود، جب اسکاٹ لینڈ کی جغرافیائی و آئینی حیثیت (برطانیہ میں رہنے یا الگ ملک بننے) کا سوال پیدا ہوا تو دونوں پارلیمانوں نے مل کر عوام سے رائے لینے کا فیصلہ کیا

اس طرح 18 ستمبر 2014 کو ریفرنڈم کروایا گیا اس ریفرنڈم میں ریکارڈ 84.6 فیصد ووٹرز نے حصہ لیا اور 55.3 فیصد عوام نے برطانیہ کا حصہ رہنے کے حق میں فیصلہ دے کر اس دیرینہ تنازع کو پارلیمنٹ ہونے کے باوجود جمہور کی آواز ریفرنڈم سے حل کر دیا

سوئٹزرلینڈ میں دو ایوانوں پر مشتمل ایک باقاعدہ منتخب پارلیمنٹ (فیڈرل اسمبلی) موجود ہے جو روزمرہ کے قوانین بناتی ہے۔ تاہم، سوئس حکومت کے سرکاری پورٹل کے مطابق وہاں آئین میں کسی بھی بڑی ترمیم، نئی اکائیوں کے قیام، یا یورپی یونین اور نیٹو جیسی بڑی بین الاقوامی تنظیموں میں شمولیت کے لیے لازمی ریفرنڈم (Mandatory Referendum) کروایا جاتا ہے۔ وہاں پارلیمنٹ کے پاس یہ اختیار ہی نہیں کہ وہ عوام کی براہِ راست منظوری کے بغیر ملک کے آئینی ڈھانچے یا عالمی اتحادوں میں کوئی بڑی تبدیلی کر سکے

جب جمہوریت کے چیمپئن ممالک ریفرنڈم کو فیصلہ سازی کے لیے شفاف ترین اور منصفانہ خیال کرتے ہیں تو پاکستان میں سیاست دان عوام کو فیصلہ سازی کا حق دینے کے کیوں مخالف ہیں

متعلقہ ٹیگز:#Articles