برطانوی شاہی خاندان کے سابق ملازمین نے بادشاہ چارلس کو مشورہ دیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو شاہی خاندان کی کرسمس تقریبات میں شرکت کی دعوت دی جانی چاہیے، تاہم ان کی ممکنہ آمد سے شاہی خاندان کے دیگر افراد کے لیے ناخوش گوار صورتِ حال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق شاہی ملازم گرانٹ ہیرالڈ اور سابق شاہی مالی جیک اسٹوکس نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس نے کرسمس کی تعطیلات برطانیہ میں گزارنے کا فیصلہ کیا ہے، اس لیے بادشاہ چارلس کو انہیں خوش دلی سے شاہی تقریبات میں شرکت کی دعوت دینی چاہیے۔
سابق شاہی ملازمین کا کہنا تھا کہ اگر شہزادہ ہیری اور میگھن کو دعوت دی گئی تو شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین تقریبات میں شرکت سے انکار کر سکتے ہیں، جس سے شاہی خاندان کی کرسمس کی خوشیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تاہم ان کے مطابق ولیم اور کیتھرین کے لیے ضروری نہیں ہوگا کہ وہ ہیری اور میگھن سے بات چیت بھی کریں۔
دوسری جانب شاہی امور پر نظر رکھنے والے صحافی روب شٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزادہ ولیم اپنے بھائی ہیری کے مستقبل کے حوالے سے ایک اہم فیصلہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس فیصلے کے تحت ہیری کو دو میں سے ایک راستہ اختیار کرنے کا کہا جا سکتا ہے، یا تو وہ برطانیہ میں رہیں یا پھر اپنے شاہی خطابات سے دستبردار ہو جائیں۔
ایک شاہی ذریعے کے مطابق شہزادہ ولیم کا مؤقف ہے کہ ہیری برطانیہ واپس آکر اپنے شاہی خطابات برقرار نہیں رکھ سکتے اور بیک وقت شاہی خاندان سے لاتعلقی بھی ظاہر نہیں کر سکتے۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق شاہی خاندان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم نہیں چاہتے کہ بادشاہ بننے کے بعد بھی انہیں ہیری اور میگھن کی شاہی ذمہ داریوں سے علیحدگی کے معاملے کا سامنا کرنا پڑے۔
ذرائع کے مطابق ولیم سمجھتے ہیں کہ شاہی خاندان کو مستقبل کے حوالے سے واضح فیصلہ کرنا ہوگا اور شاہی ذمہ داریوں میں جزوی شرکت کا سلسلہ مزید جاری نہیں رہنا چاہیے۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس معاملے پر ہونے والی اہم خاندانی بیٹھک میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل شریک نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے 2020ء میں شاہی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور بعد ازاں امریکا منتقل ہوگئے تھے۔ اس کے بعد سے شاہی خاندان کے ساتھ ان کے تعلقات میں کشیدگی برقرار ہے۔