عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں شدید گراوٹ کے باعث پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونا سستا ہوگیا، صرف 16 روز کے دوران فی تولہ قیمت میں تقریباً 60 ہزار روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک ہفتے کے دوران تقریباً 10 فیصد گر گئی اور فی اونس قیمت 3 ہزار 524 سے 3 ہزار 538 ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی، جو گزشتہ 14 ماہ کی کم ترین سطح ہے۔ سونے کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتہ وار گراوٹ 8 ماہ کی بدترین کمی قرار دی گئی ہے۔
سال 2026 کے آغاز میں سونے کی قیمت 5 ہزار 600 ڈالر فی اونس سے تجاوز کرکے تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، تاہم اب عالمی قیمتیں اس ریکارڈ سے تقریباً 36 فیصد نیچے آچکی ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجوہات میں امریکی مہنگائی کے کمزور اعداد و شمار، امریکی مرکزی بینک کے پالیسی سازوں کے محتاط بیانات اور دسمبر میں شرح سود بڑھنے کے امکانات شامل ہیں۔
شرح سود میں اضافے کی توقعات کے باعث امریکی بانڈز کی منافع بخش شرح بڑھ رہی ہے، جبکہ 10 سالہ امریکی بانڈز کی شرح 5 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔ چونکہ سونا سرمایہ کاروں کو سود نہیں دیتا، اس لیے شرح سود میں اضافے سے سونے میں سرمایہ کاری کی کشش کم ہوجاتی ہے۔
دوسری جانب امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے نے بھی سونے کی قیمتوں پر دباؤ بڑھایا ہے۔ ڈالر انڈیکس 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے باعث دیگر کرنسیوں میں سونا خریدنے والے سرمایہ کاروں کے لیے یہ مزید مہنگا ہوگیا، جس سے عالمی طلب متاثر ہوئی۔
عالمی ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق کمپنیوں کے حصص میں بڑے پیمانے پر فروخت نے بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کو مزید تیز کیا۔ سرمایہ کاروں اور بڑے مالیاتی اداروں نے دیگر سرمایہ کاری میں ہونے والے نقصان اور اضافی رقم کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سونے سمیت قابل فروخت اثاثے فروخت کیے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ کی گراوٹ کے اثرات فوری طور پر مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سامنے آئے، جہاں سونے کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 29 جنوری 2026 کو سونے کی فی تولہ قیمت 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، جس کے مقابلے میں اب قیمت 1 لاکھ 96 ہزار 500 روپے سے زیادہ کم ہوچکی ہے۔
ماضی میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہونے پر پاکستانی روپے کی قدر میں کمی مقامی قیمتوں کو سہارا دیتی تھی، تاہم اس مرتبہ روپے کی قدر مستحکم رہنے کے باعث عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا اثر براہ راست پاکستانی صرافہ بازاروں میں بھی پڑا۔
طویل مدت میں عالمی مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی خریداری قیمتوں کو سہارا دے سکتی ہے۔ ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق 2026 کی تیسری سہ ماہی میں مرکزی بینکوں نے 321 ٹن سونا خریدا، تاہم قلیل مدت میں عالمی مارکیٹ کا رجحان غیر یقینی ہے۔