1000305068

راولپنڈی پولیس نے حنا جاوید قتل کیس کی تفتیش 3 ماہ میں مکمل کر کے چالان عدالت میں جمع کرا دیا۔

پولیس نے چالان میں گھریلو ملازم ذیشان کو مرکزی ملزم قرار دیا ہے، جبکہ مقتولہ کے سسر علی اصغر اور شوہر فیصل اصغر کو خانہ نمبر 2 میں رکھا ہے، اس تفتیش پر حنا جاوید کے لواحقین عدم اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں۔

20 اگست کو راولپنڈی میں حنا جاوید کو ان کے گھر میں قتل کیا گیا۔ ان کی لاش گھر کے واش روم سے ملی۔ راولپنڈی کے نو تعینات سی پی او سردار غیاث گل نے صحافیوں سے تعارفی ملاقات کے دوران بتایا کہ تھانہ سول لائنز پولیس نے مقدمے کی تفتیش مکمل کر لی ہے اور ان کی ہدایت پر چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ اور حنا جاوید کی لاش سے حاصل کیے گئے 17 نمونوں کا ڈی این اے گھریلو ملازم ذیشان سے میچ ہوا۔

حنا جاوید کے ناخن سے بھی ذیشان کا ڈی این اے ملا۔ مبینہ زیادتی کی تفتیش کے دوران مقتولہ کی لاش سے ملنے والے اسپرم کے نمونے کا ڈی این اے بھی ذیشان سے میچ ہوا۔ انہی فرانزک نتائج کی بنیاد پر پولیس نے ذیشان کو مرکزی ملزم قرار دیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش میں حنا جاوید کے سسر علی اصغر اور شوہر فیصل اصغر کے خلاف اہم شواہد سامنے نہیں آئے، جس پر دونوں کے نام چالان کے خانہ نمبر 2 میں رکھے گئے۔

پولیس نے دونوں کو بے گناہ قرار نہیں دیا۔ ان کے کردار کا حتمی فیصلہ عدالت کرے گی، ذیشان کے موبائل فون سے ملنے والی حنا جاوید کی تصاویر بھی چالان کا حصہ ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق تمام ملزمان کی ڈی این اے رپورٹس، ان کے موبائل فونز کا کال ریکارڈ اور فرانزک رپورٹس بھی عدالت میں پیش کی گئی ہیں۔

چالان کے ساتھ حنا جاوید کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور لاش کے ابتدائی معائنے کی تفصیل بھی جمع کرائی گئی ہے، حنا جاوید کے اہلِ خانہ پولیس تفتیش پر عدم اعتماد ظاہر کر چکے ہیں۔ ان کے تحفظات کے باوجود پولیس نے چالان جمع کرا دیا ہے۔ اب مقدمے کے شواہد عدالت کے سامنے ہیں۔

متعلقہ ٹیگز:#Crime