گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ جہاں دہشت گرد ہوں گے وہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ماضی میں خیبرپختونخوا سے لوگ انتشار پھیلانے آتے تھے، تاہم اب انتشار اور صوبوں کے درمیان نفرتیں پھیلانے کا دور ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو ایک خوشحال صوبہ بنانا ہے اور صوبے میں دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن جاری رہیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سابق حکومت جمہوری نہیں بلکہ انتشار پھیلا رہی تھی، اس کی پالیسیاں قندھار سے چلتی تھیں، اب پی ٹی آئی والے اچھے بچے بنیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اچھی ہے یا بری، پی ٹی آئی صرف ایک ہی ہے، لیکن اس کی چار فرنچائزز ہیں، فیصلہ کس نے کرنا ہے؟
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے دہشت گردی کی مذمت نہیں کی، جہاں دہشت گرد موجود ہوں گے وہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے جائیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پشاور شہر میں 11 ہزار مین ہولز پر ڈھکن موجود نہیں جب کہ صوبے میں لوگوں سے پیسے لے کر تجاوزات قائم کی گئی تھیں، تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ 11 نومبر کو ایک ماہ کی کارکردگی کے حوالے سے پریس بریفنگ دیں گے، وزیراعظم کی جانب سے 160 ارب روپے کا پیکیج دینے پر ان کے مشکور ہیں۔