جنوبی بھارت کی ملیالم اور تیلگو فلموں کے اسٹار اور بہت زیادہ معاوضہ لینے والوں میں شمار ہونے والے ذوالقر سلمان نے اپنا موازنہ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان سے کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو ایک بڑا کمرشل ہیرو نہیں سمجھتے اور کمرشل سنیما کو اپنے لیے ایک مشکل میدان تصور کرتے ہیں۔
سیتا رامم، لکی بھاسکر، مہانتی، بنگلور ڈیز اور چارلی کے ذریعے ذوالقر سلمان نے مداحوں کی بڑی تعداد میں مقبولیت حاصل کی ہے۔ تاہم انھوں نے حال ہی میں شہرت اور اسٹارڈم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ خود کو ایک بڑا کمرشل ہیرو کیوں نہیں سمجھتے۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ذوالقر سلمان نے اپنے والد اور ملیالم سپر اسٹار مموٹی کی صلاحیتوں کا ذکر کیا، جو کمرشل فلموں اور معیاری موضوعات پر مبنی فلموں میں یکساں مہارت کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
ذوالقر سلمان نے اعتراف کیا کہ ان کے والد کا فلمی کیریئر اس بات کی مثال ہے کہ ایک اداکار مختلف اصناف کی فلموں میں کس طرح کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کمرشل سنیما ان کے لیے ایک خوفناک چیلنج ہے اور اس میدان میں کامیابی حاصل کرنا ان کے لیے ایک بڑا پہاڑ سر کرنے کے مترادف ہوگا۔
انھوں نے سلمان خان کی تجارتی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا انکی محض موجودگی ہی شائقین کو سنیما گھروں تک کھینچ لانے کے لیے کافی ہے۔ سلمان خان کی فلمیں بڑے پیمانے پر ریلیز ہوتی اور طویل عرصے تک سنیما گھروں میں چلتی رہتی ہیں۔
اپنے حوالے سے بات کرتے ہوئے ذوالقر سلمان نے کہا اگر میں کبھی کسی بڑے بجٹ کی فلم کرنے کی کوشش کرتا ہوں تو میرے ذہن میں یہ بات بھی ہوتی ہے کہ فلم پروڈیوسرز کے لیے محفوظ سرمایہ کاری ثابت ہونی چاہیے۔ میں سمجھتا ہوں میں اکیلا کسی فلم کو تجارتی طور پر کامیاب بنانے کے لیے کافی نہیں ہوں۔ اس کے لیے فلم کا معیاری مواد اور کسی حد تک سچائی اور دیانت داری بھی شامل ہے۔
جہاں تک باکس آفس میں انکی فلموں کی کارکردگی کا تعلق ہے تو انکی 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم لکی بھاسکر بطور مرکزی اداکار ان کے کیریئر کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے جس نے دنیا بھر میں 113.64 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا۔
اسکے علاوہ سیتا رامم (2022) نے 94.28 کروڑ کا بزنس کیا۔ ذوالقر سلمان کارواں اور دی زویا فیکٹر جیسی ہندی فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں، تاہم یہ باکس آفس پر کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں کرسکیں۔
بطور پروڈیوسر انکی فلم لوکا چیپٹر 1: چندرا نے دنیا بھر میں تقریباً 301 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا جو کہ عالمی سطح پر 300 کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی پہلی ملیالم فلم بنی