بلوچستان کے ضلع بارکھان سے تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کے قتل کے مقدمے میں سابق صوبائی وزیر اور رکنِ بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران سمیت متعدد افراد نامزد کر دیے گئے۔ پولیس نے سردار عبدالرحمان کھیتران کے ایک قریبی ملازم اور چار محافظوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق دو لاشیں 19 نومبر کو بارکھان سے چالیس پچاس کلومیٹر بغاو تومنی کے علاقے سے ملیں۔ تیسری لاش 20 نومبر کو حاجی کوٹ میں سردارعبدالرحمان کھیتران کے قلعے کے اندر بنے مورچے کے نیچے سے برآمد ہوئی۔پولیس کے مطابق تینوں لاشیں سردار کھیتران کے گرفتار قریبی ملازم کی نشاندہی پر نکالی گئیں۔ چار محافظ بھی حراست لے لیے گئے ہیں ۔ لاشوں کو ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس کی تحقیقاتی ٹیموں نے تفتیش شروع کر دی ہے۔
18 نومبر کو ڈیرہ بگٹی کے رہائشی پیارا خان کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ ان کا الزام ہے کہ چند سال پہلے ان کے دو بیٹوں کو اغوا کیا گیا۔ ایک سال بعد قمر دین کو چھوڑ دیا گیا، مگر صاحب دین آج تک لاپتہ ہے۔ پیارا خان کو شبہ ہے کہ حاجی کوٹ سے ملنے والی لاش ان کے بیٹے کی ہو سکتی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ سیاہ کاری کا الزام لگا کر انہیں قتل کیا گیا۔فروری 2023 میں سردار عبدالرحمان کھیتران کو خواتین اور بچوں کو نجی جیل میں رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد میں انہیں بری کر دیا گیا۔ 2014 میں بھی وہ ایسے ہی الزامات پر جیل جا چکے ہیں۔