فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نئے ٹیکس دہندگان کے لیے 25 ہزار روپے کا سرچارج ختم کرتے ہوئے انہیں اضافی فیس کے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ (اے ٹی ایل) میں شامل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق سرچارج سے چھوٹ حاصل کرنے کے لیے ٹیکس دہندگان کو آئندہ چھ ماہ تک جائیداد نہ خریدنے کی شرط پوری کرنا ہوگی۔
ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شمولیت کے خواہشمند افراد کو ایف بی آر کے پاس انڈرٹیکنگ جمع کرانا ہوگی، جس کے لیے ادارے نے نیا فارم اے ٹی ایل یو متعارف کرا دیا ہے۔
ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس (IRIS) سسٹم کے ذریعے الیکٹرانک انڈرٹیکنگ جمع کرا سکیں گے۔
نئے طریقہ کار کے تحت انڈرٹیکنگ جمع کرانے کے بعد چھ ماہ تک جائیداد خریدنے یا حاصل کرنے پر پابندی ہوگی، جبکہ اس دوران ٹیکس دہندگان کی جانب سے جائیداد کی خریداری کی نگرانی بھی کی جائے گی۔
ایف بی آر کے مطابق اگر کوئی ٹیکس دہندہ چھ ماہ کی مقررہ مدت کے دوران جائیداد خریدتا یا حاصل کرتا ہے تو اسے دی گئی سرچارج کی چھوٹ ختم ہو جائے گی۔
اس اقدام کے تحت نئے ٹیکس دہندگان کو 25 ہزار روپے کے سرچارج کی ادائیگی کے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، تاہم اس کے لیے مقررہ شرائط پر عمل درآمد لازمی ہوگا۔