ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز فائنل میں سری لنکا اے نے پاکستان شاہینز کو 1 وکٹ سے شکست دیکر تیسری مرتبہ ایونٹ اپنے نام کرلیا۔
دوحہ کے ویسٹ اینڈ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کو جیت کیلئے 217 رنز کا ہدف دیا، جسے لنکن ٹیم نے 42 اوورز کی تیسری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
سری لنکا اے کی جانب سے نشان مدوشکا نے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے
اختتامی لمحات میں لہیرو سماراکون 22 گیندوں پر 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ان کے علاوہ پوون رتھنائیکے نے 30 اور لستھ کروسپلے نے 26 رنز اسکور کیے۔ گاروکا سنکیت 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان اے کی جانب سے علی رضا نے 58 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، سفیان مقیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حسن نواز، معاذ صداقت اور احمد دانیال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کے خلاف مقررہ 50 اوورز کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہ زیب خان نے 60 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، انہوں نے 91 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکے لگائے۔
شامل حسین 40 اور کپتان عبدالصمد 33 رنز بناکر نمایاں رہے، روہیل نذیر نے 37 رنز اسکور کیے جبکہ سفیان مقیم 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا اے کی جانب سے رویندو فرنینڈو اور گاروکا سنکیت نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وانوچا سہان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔