1000306280

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران کی ادویات سازی کی صنعت سے متعلق اسرائیل کے الزامات کو جھوٹ قرار دے دیا، اور کہا کہ صہیونی حکومت امریکا کو ایک اور جنگ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔

عباس عراقچی نے بدھ کو سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ اسرائیل ایران پر ادویات سازی کے کارخانوں میں ہولناک ہتھیار تیار کرنے اور چھپانے کا الزام لگا رہا ہے، جب کہ خود وہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے لیس ایک ملک ہے۔

انھوں نے مزید کہا ’’لیکن جیسا کہ اب پوری دنیا جانتی ہے، اسرائیل کے معاملے میں ہر الزام دراصل اس کا اپنے بارے میں اعتراف ہوتا ہے۔

عراقچی نے کہا اسرائیل کا مقصد امریکا کو اسرائیل کی خاطر ایک اور جنگ میں شامل کرنے کے لیے دھوکا دینا ہے، اسرائیل گزشتہ ایک سال کے دوران 2 مرتبہ امریکا کو ایران کے ساتھ ایسی جنگ میں گھسیٹ چکا ہے جس میں امریکا کو شکست ہوئی۔

وزیر خارجہ نے کہا ایران پر یہ الزامات ایسے وقت میں لگائے جا رہے ہیں جب وہ کیمیائی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) اور کیمیائی ہتھیاروں کے خاتمے کی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کا رکن ہے اور مغربی جرمنی کی جانب سے صدام حسین کی حکومت کو فراہم کیے گئے کیمیائی ہتھیاروں کا نشانہ بن چکا ہے۔

واضح رہے اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران پر کیمیائی ہتھیار تیار کرنے کا الزام لگایا تھا۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت نے جوہری، کیمیائی یا حیاتیاتی ہتھیاروں پر پابندی عائد کرنے والے کسی بھی معاہدے میں شمولیت سے انکار کیا ہے، جب کہ اس کے پاس جوہری وارہیڈز کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل نے خطے کے 7 ممالک پر حملے کیے اور 3 علاقوں پر قبضہ کیا۔ ان کے مطابق، صرف گزشتہ ایک سال کے دوران اسرائیل نے امریکا کو ایران کے خلاف دو ناکام جنگوں میں گھسیٹا۔

عراقچی نے مزید نشان دہی کی کہ ایران خود بھی کیمیائی ہتھیاروں کا نشانہ بن چکا ہے، جو سابق مغربی جرمنی نے صدام حسین کی حکومت کو فراہم کیے تھے۔

متعلقہ ٹیگز:#World