1000306284

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے معاشی بحران بہتر نہیں ہوگا، مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، معاشی طور پر ہمیں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، عالمی سطح پر جو حالات ہیں اس میں جلد بہتری نظر نہیں آرہی۔

ملتان پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کسانوں، مزدروں اور محنت کشوں کو محنت کا صلہ نہیں دیاجا رہا، سیاست دانوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام پر معاشی بوجھ کم کرنے کیلئے کام کریں، ہمیں اس سسٹم کو اس قابل بنانا ہوگا کہ ان حالات کا مقابلہ کرسکیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ری سیٹ یا ری بوٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے، حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کو سسٹم کی بحالی سے متعلق بحث کرنی چاہیے، پارلیمان کو فعال کرنا ہے تو ملک کے تمام فیصلے پارلیمان میں ہی ہونے ہیں، جو فیصلے پارلیمان کے باہر طے ہوتے ہیں وہ حتمی نہیں ہوتے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پہلے جب ملتان آیا تو پورا پنجاب قدرتی آفت سے گزر رہا تھا، سیلاب کے دوران پیپلزپارٹی کارکنوں نے پنجاب کے عوام کا ساتھ دیا، پیپلزپارٹی ہمیشہ مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دیتی ہے، آج پورا پاکستان ایک معاشی آفت سے گزر رہا ہے، جس معاشی بحران کا آج سامنا ہے زندگی میں ایسے حالات نہیں دیکھے، سیاست دان کا کام عوام سے سچ بولنا ہوتا ہے، سیاست دان زمینی حقائق بتائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم واقعی چاہتے ہیں کہ سسٹم عوام کی خدمت کرے تو جلد اقدامات کرنا ہوں گے، ان حالات میں ایک ری سیٹ کی ضرورت ہے، ملک میں ری سیٹ کی بحث میں نے شروع نہیں کی، اس ملک کا سسٹم کولیپس ہے تو کیوں ہے، سسٹم کولیپس کیسے ہوا، خودبخود ہوا یا سیاسی جماعتوں کی وجہ سے ہوا؟ جب تک یہ طے نہیں کر سکتے کہ سسٹم کولیپس کیوں ہوا، اسے بحال نہیں کیا جا سکتا، 1973 کا آئین خود بخود کولیپس نہیں ہوا کروایا گیا ہے،1973 کے آئین کو بار بار کولیپس کروایا گیا ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ جو طاقت 18 ویں ترمیم میں ہے وہ کسی اور ترمیم میں نہیں، ملک کو اگر مشکلات سے نکال سکتے ہیں تو وہ 1973 کا آئین ہے، احتساب کا نظام ہمیشہ مخالفین کیلیے بنایا گیا ہے، پیپلزپارٹی پنجاب اور سندھ میں مختلف رائے نہیں رکھتی، جو فیصلہ پنجاب اسمبلی کا ہوگا میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا، جو فیصلہ سندھ اسمبلی کا ہوگا میں اس کے ساتھ بھی کھڑا ہوں گا، تمام صوبوں کیلئے پیپلزپارٹی کی ایک رائے ہے، پنجاب اسمبلی میں صوبے کے حوالے سے قرارداد مسلم لیگ ن کی حکومت میں منظور ہوئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوری، آئینی، پارلیمانی اپروچ لینی ہے تو سیاسی اتفاق رائے ان دو پوائنٹس پر ہوسکتا ہے، سندھ اسمبلی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف قرار داد متعدد بار مسترد کی، اس سے نہ ریفرنڈم کی ضرورت ہوگی نہ کوئی متنازع اقدام کی ضرورت ہوگی، میں پنجاب کی تقسیم کے خلاف ہوں، میں نے پنجاب کے چار ٹکڑے کی بات کبھی نہیں سنی۔

انہوں نے کہا کہ ہم میں سچ سننے اور اختلاف رائے برداشت کرنے کی ہمت ہونی چاہیے، میری پریس کانفرنس کے بعد جو ردعمل آیا وہ مناسب نہیں تھا، اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں خاموش کروانا ممکن نہیں، ہمارا سیاست میں کبھی یہ طریقہ نہیں رہا کہ خون بہانے کی بات کریں، ہم خون دینے والے ہیں ، ہمارا خون بہایا جاتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جو حالات کراچی کو دیکھنا پڑے وہ لاہور کو دیکھنا نہیں پڑے، بہت دیر بعد ہم نے کراچی میں امن قائم کیا، سندھ کی سیاست میں پیپلز پارٹی کوروکنے کیلئے نفرت کا بیچ بویا گیا، میں خبردار نہیں کررہا تھا، صرف خطرے کی گھنٹی بجا رہا تھا، قوم پرست جماعتوں نے احتجاج کا اعلان کیا اس دن ایم کیو ایم نے جلسے کا فیصلہ کیا، اب وہ دوسرا جلسہ تب رکھ رہے ہیں جب سندھ میں کلچر ڈے ہے، لگتا ہے جان بوجھ کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہمیں وزیراعظم کا ہاتھ مضبوط کرنا چاہیے، ملک میں صرف پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو بلدیاتی نظام پر یقین رکھتی ہے، سندھ کا بلدیاتی نظام دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ تگڑا ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan