1000304258

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ آج تک ہمارے ہاں کسی آرٹسٹ کو اس کی محنت کا معاوضہ نہیں ملتا۔ اسٹیج آرٹسٹ خواتین کہتی ہیں پروڈیوسرز نازیبا لباس پہننے پر مجبور کرتے ہیں۔ ایسے ایسے واقعات سنے ہیں کہ میں بتا نہیں سکتی، آپ سن نہیں سکتے۔

پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو بل پیش کیا ہم نے وہ سب کے ساتھ شیئر کیا، تھیٹر کے معیار کو بہتر کر رہے ہیں، جہیز کی لعنت اور منشیات کے خلاف ڈرامے بنتے رہے۔ لوگ دیکھتے تھے، اپوزیشن کے اعتراضات سے لگ رہا ہے جیسے سب بہت اچھا چل رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کہا گیا تھا کہ ڈرامہ بغیر ناچ گانے نہیں چلے سکے گا، الحمرا میں بغیر ناچ اور گانے کے اسٹیج ڈراما تین دن چلا، جو گند کر رہے ہیں وہ گھس بیٹھیے ہیں وہ آرٹسٹ نہیں، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ آج جو تھیٹر پر ہو رہا ہے ٹھیک ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سہیل احمد، خالد عباس ڈار، وسیم عباس نے کیوں تھیٹر چھوڑ دیا؟ اس معاملے پر بحث ہوچکی، اسٹیک ہولڈرز کی رائے آچکی بل کی منظوری وقت کی ضرورت ہے۔ حکومت تھیٹر پر پابندی نہیں لگانا چاہتی منظم اور مانیٹر کرنا چاہتی ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#Entertainment