بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے اداکارہ دپیکا پڈوکون کے فلمی سفر کے ابتدائی دنوں کی یادیں تازہ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اداکاری سیکھنے کے دوران ایک مشق نے اداکارہ کو مایوس کر دیا تھا اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے تھے۔
500 بالی ووڈ فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے 71 سالہ انوپم کھیر نے یہ واقعہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) گوا میں ہونے والی ایک پینل گفتگو کے دوران سنایا۔
انوپم کھیر کے مطابق دپیکا پڈوکون میرے قائم کردہ اداکاری کے ادارے ’ایکٹر پریپیئرز‘ کے دوسرے بیچ کی طالبہ تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک روز کلاس کے دوران میں نے دپیکا کو ایک ایسی ملازمہ کا کردار ادا کرنے کو کہا جو ابھی فرش پر جھاڑو لگا کر فارغ ہوئی ہو۔
اداکار کے بقول دپیکا یہ منظر بھی خاصے دلکش انداز میں ادا کر رہی تھیں۔
انوپم کھیر نے بتایا ہے کہ میں نے دپیکا سے کہا کہ ہم اس مشق کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک مجھے یقین نہیں ہو جاتا کہ آپ واقعی فرش پر جھاڑو لگا رہی ہیں۔
ان کے مطابق اس مشق کے دوران دپیکا ابتداء میں مایوس ہو گئیں اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری، مشق مکمل کی اور بعد میں میرا شکریہ بھی ادا کیا۔
انوپم کھیر کا کہنا ہے کہ اداکاری میں مہارت حاصل کرنے کے لیے مسلسل مشق کے ساتھ ساتھ عملی زندگی کی سمجھ بوجھ اور حاضر دماغی بھی ضروری ہے تاکہ کام حاصل کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون نے 2007ء میں فرح خان کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے بالی ووڈ میں اداکاری کا آغاز کیا تھا، جس میں انہوں نے شانتی پریا اور سینڈی کے 2 کردار ادا کیے تھے، اس فلم نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
دوسری جانب دپیکا پڈوکون اپنی آئندہ فلم ’کنگ‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو 24 دسمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے