تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کی مدد سے گندی گندی ویڈیوز اور آڈیوز بنائی جارہی ہیں، آپ نے جتنا گند اچھالنا اور گٹر میں اتر کر اپنی قوم کی اخلاقات تباہ کرنی ہیں کرلیں کچھ بھی آپ کو نہیں بچا سکتا۔ننکانہ صاحب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا وہ آڈیو لیکس کے معاملے پر عدالت جارہے ہیں، وزیراعظم آفس کی محفوظ لائن کو کس نے ٹیپ کیا اور پھر لیک کیا؟۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا اگر آپ وزیراعظم کی سرویلنس کرنا بھی چاہتے ہیں تو کریں مگر اسکو لیک کرنا جرم ہے اور میں عدالت جاکر پتا چلاؤں گا کہ کون سی ایجنسیز یہ کررہی ہیں، کیا میں دشمن ہوں ملک کا؟ 50 سال سے پوری قوم مجھے جانتی ہے۔ مجھے اور میری پارٹی کو دشمن کی طرح ٹریٹ کیا جارہا ہے۔عمران خان نے کہا روز میرے اور میری پارٹی کے لوگوں کے خلاف ایف آئی آرز کٹ رہی ہیں۔ آپ جو بھی کرلیں آپ نہیں روک سکتے اس سیلاب کو، میرا چیلنج ہے پاکستان میں جو انقلاب آرہا ہے اسے کوئی نہیں روک سکتا۔عمران خان نے کہا کہ مراسلے پر کمیشن وہ بنے گا جو آزاد ہو۔ کمیشن آپ نہیں بنائیں گے کیونکہ آپ تو اسکا حصہ تھے۔عمران خان نے کہا پانامہ میں انکشاف ہوا کہ لندن میں محلات کی مالک مریم بی بی ہے۔ نوازشریف پیشہ چوری کرکے باہر لے گیا اور لندن میں بڑے بڑے محلات لے لیے اور جھوٹ بولتے رہے کہ ہمارے نہیں ہیں۔عمران خان نے کہا ہماری حکومت اس لیے گرائی گئی کیونکہ ہم غلامی کرنے کو تیار نہیں تھے، آپ سب تیاری کریں میں آپ کو کال دوں گا جس میں اب زیادہ دیر نہیں ہے، میں کال دوں گا لیکن اس سے پہلے یہ سارے چور جمع ہوکر یہ کوشش کررہے کہ کسی طرح مجھے عوام کی نظر میں گندا کریں۔