کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں گھر کے قریب ایک مقبول ہائیکنگ ٹریل پر چہل قدمی کے دوران ریچھ کے مبینہ حملے میں ماں اور بیٹی ہلاک ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 48 سالہ جینیفر بالکارس اور ان کی 20 سالہ بیٹی سیلا ریڈ ہفتے کے روز بیلا کولا کے علاقے میں واقع اسنوکا ویسٹ ٹریل پر گئی تھیں، جو ان کے گھر سے گاڑی پر صرف پانچ منٹ کی مسافت پر ہے۔ دونوں کے لاپتا ہونے کا انکشاف اس وقت ہوا جب جینیفر ایک طے شدہ آن لائن ملاقات میں شریک نہ ہوئیں۔جینیفر کے بھائی کے مطابق ان کی بہن چار بچوں کی ماں اور دادی بھی تھیں۔ پیر کے روز ٹریل سے جینیفر کی لاش ملی، جبکہ ان کی بیٹی کی لاش اگلے دن برآمد ہوئی۔برٹش کولمبیا کنزرویشن آفیسر سروس کے اہلکار جیف ٹائر نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملے میں ریچھ ملوث ہوسکتا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ ابھی یہ معلوم نہیں کہ حملے میں ایک ریچھ ملوث تھا یا ایک سے زیادہ، تاہم ملوث ریچھوں کو تلاش کرکے پکڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔حکام کے مطابق پکڑے جانے والے ریچھ کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر حملے میں ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی تو عوامی تحفظ کے لیے صوبائی ضوابط کے تحت اسے ہلاک کیا جاسکتا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق نومبر 2025 میں ایک ریچھ نے 11 افراد کو زخمی کردیا تھا، جن میں تین بچے شدید زخمی ہوئے تھے۔ خیال کیا گیا تھا کہ اس وقت ریچھ کے ساتھ اس کے دو بچے بھی موجود تھے