1000301913

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلا کی مہم جاری ہے اور اب تک پاکستان سے مجموعی طور پر 28 لاکھ 7 ہزار 250 افغان شہریوں کو وطن واپس بھجوایا جا چکا ہے

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے سے ایک لاکھ 43 ہزار 474 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو واپس بھیجا گیا ہے۔ پنجاب میں اس وقت 39 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں، جہاں 153 افغان شہری موجود ہیں۔ ان مراکز میں عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی پالیسی کے مطابق قابلِ قبول ویزا کے بغیر افغان شہریوں کا قیام غیر قانونی ہے۔ ایسے افراد کو گرفتار کرکے ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جاتا ہے، جہاں ضروری کارروائی کے بعد طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران صوبے بھر کے رہائشی علاقوں اور مارکیٹس میں 4 لاکھ سے زائد سرچ آپریشن کیے گئے، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو جائیداد کرائے پر دینے والے 803 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کا فارن نیشنل سکیورٹی ونگ ان کارروائیوں کی نگرانی اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کر رہا ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ کارروائی صرف غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کی جا رہی ہے. محکمہ داخلہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ افغان شہریوں کے غیر قانونی قیام، شناخت کی جعلسازی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ایمرجنسی نمبر 15 پر دیں۔ ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan