پاکستان نے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
قومی ٹیم نے فائنل میں جنوبی کوریا کو صفر کے مقابلے میں دو میچز سے شکست دے کر ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔فائنل میں پاکستان کے عاصم خان اور نور زمان نے اپنے اپنے میچز جیت کر قومی ٹیم کو فتح دلائی۔ عاصم خان نے نمائندہ سما محمد عالی جاہ خان سے گفتگو کرتے ہوئے مستقبل کے اہداف اور چیمپئن شپ میں کامیابی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایشین چیمپئن شپ میں کامیابی کے بعد قومی کھلاڑی عاصم خان نے عزم ظاہر کیا ہے کہ یہ کامیابی محض آغاز ہے اور پاکستان کے لیے مزید عالمی اعزازات جیتنا ان کا ہدف ہے۔اس سے قبل سیمی فائنل میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پہلے سنگلز مقابلے میں عاصم خان نے ہانگ کانگ کے وانگ چی کو ایک کے مقابلے میں تین گیمز سے شکست دی، جبکہ دوسرے سنگلز مقابلے میں نور زمان نے بھی حریف کھلاڑی کو ایک کے مقابلے میں تین گیمز سے ہرایا۔