تھامس مارکل کے خلاف بچوں سے متعلق فحش مواد رکھنے کے الزامات سامنے آنے کے بعد ان کے اہلِ خانہ کے مزید افراد نے خاموشی توڑ دی۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق تھامس مارکل کی حمایت میں سامنے آنے والوں میں ان کی بیٹی سمانتھا (میگھن کی سوتیلی بہن) اور نواسی نوئل راسموسن شامل ہیں، نوئل نے انکشاف کیا ہے کہ میری نانی روزلین لولیس نے میگھن مارکل کو خط لکھا تھا اور یہ خط مجھے بھی بھیجا گیا تھا۔ نوئل راسموسن کا کہنا ہے کہ میگھن نے کبھی ہمارے ساتھ رابطے کی کوشش یا ہماری جانب سے رابطے کی گئی کوشش کے نتیجے میں ردِعمل کا اظہار نہیں کیا، برے وقت میں بھی میگھن نے کبھی خاندان کے طور پر بات چیت کا جواب نہیں دیا اور اب میگھن نانا تھامس کے خلاف بیانات دے رہی ہیں۔برطانوی اخبار ڈیلی میل سے گفتگو کرتے ہوئے نوئل راسموسن نے کہا کہ میں اپنے نانا پر لگنے والے الزامات پر حیران اور صدمے میں ہوں، میری نانی نے کبھی تھامس مارکل کے بارے میں بچوں سے متعلق ایسے الزامات کا ذکر نہیں کیا تھا، میری نانی صرف اپنے سابق شوہر تھاس کے معمول کے رویے سے متعلق شکایات کرتی تھیں، مثلاً دیر سے گھر آنا وغیرہ۔ نوئل نے بتایا کہ میری نانی نے مجھے کبھی واضح طور پر تھامس مارکل سے دور رہنے یا نانا کو بچوں کے لیے خطرہ قرار نہیں دیا۔ میگھن مارکل کے اپنے والد سے فاصلہ رکھنے کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے نوئل نے کہا کہ میں اس فیصلے کو درست سمجھتی ہوں کیوں کہ میگھن خود بھی کم عمر بچوں کی ماں ہیں اور ایسے سنگین الزامات کی صورت میں احتیاط کرنا ہی بہتر ہے تاکہ کسی ممکنہ متاثرہ شخص کو نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے اپنے نانا کے ساتھ ذاتی تعلق کے بارے میں بتایا کہ تھامس مارکل مجھ سے 4 سے 5 مرتبہ ملنے آئے تھے، اس دوران مجھے کبھی نانا کا رویہ مشکوک یا نامناسب محسوس نہیں ہوا۔نوئل راسموسن کا کہنا ہے کہ کسی شخص کے بارے میں ایسے سنگین الزامات سامنے آنے پر ایک طرف اس خاندان سے تعلق کی وجہ سے جذبات وابستہ رہ سکتے ہیں اور دوسری جانب الزامات کی سنگینی کو بھی تسلیم کرنا ضروری ہے۔اپنی والدہ سمانتھا مارکل کے تھامس مارکل کا دفاع کرنے پر نوئل نے کہا کہ میں اپنی والدہ کو اس بات پر قصور وار نہیں سمجھتی کیونکہ تھامس آخرکار میری والدہ کے والد ہیں، کسی بھی بیٹی کے لیے اپنے والد کے خلاف ایسے سنگین الزامات پر یقین کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے