جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے احتجاج کے باعث کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ چاروں صوبوں میں مختلف مقامات پر قومی شاہراہیں اور موٹرویز بند ہیں۔ گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی میں سہراب گوٹھ آنے اور جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ حیدرآباد سے آنے والا ٹریفک پنجاب اڈا سے فاریہ چوک بھیجا جارہا ہے جبکہ سہراب گوٹھ سے حیدرآباد جانے والا ٹریفک گلشن اقبال کی طرف بھیج رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق کراچی میں حب ریور روڈ پر احتجاج کے باعث آنے جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔ دونوں سڑک کی ہیوی ٹریفک لائن اپ کردی گئی ہے۔ چھوٹی ٹریفک کو اندرون علاقہ سے بھیج رہے ہیں۔
کراچی میں بلوچ کالونی کے مقام پر شارع فیصل بند ہوگئی جہاں اب نوجوان فٹبال کھیلنے لگے ہیں۔ ٹھٹہ کراچی شاہراہ پر بھی ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔
ہالہ کے قریب کھنڈو کے مقام پر کراچی اور پنجاب آنے جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی جبکہ یہاں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
این 25 قومی شاہراہ کئی مقامات پر بند کردی گئی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
بیلہ اوتھل میں قومی شاہراہ بند کردی گئی، قلات میں کوئٹہ کراچی شاہراہ بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔
قلعہ سیف اللہ میں این50 قومی شاہراہ، مستونگ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ اور سرگودھا میں موٹروے انٹرچینج بند کردیا گیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا۔
شکارپور میں انڈس ہائی وے کے قریب جیل چورنگی بند کردی گئی جس کے باعث سندھ، پنجاب اور بلوچستان جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔
جیکب آباد میں قومی شاہراہ بند کردی گئی نوابشاہ میں بھی قومی شاہراہ ٹریفک کےلیے بند کردی گئی جس کے باعث کراچی سے پنجاب آنے جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔
گھوٹکی میں ٹول پلازہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔ حیدرآباد میں وادھو واہ بائی پاس بند کردی گئی جس کے باعث کراچی سے آنے جانے والی ٹریفک متاثر ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
مالاکنڈ ڈویژن میں سوات ایکسپریس وے آلہ ڈھنڈ ڈھیری انٹرچینج ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔ خیبر میں تختہ بیگ کے مقام پر پاک افغان شاہراہ بند کردی گئی جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا۔
لاڑکانہ میں رتوڈیرو بائی پاس کے مقام پر انڈس ہائی وے بند کردی گئی جس کے باعث کراچی، پنجاب اور بلوچستان جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔
چارسدہ میں پشاور اسلام آباد موٹر وے اور بنوں میں لنک روڈ بند کردی گئی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی