وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جو پنجاب مجھے ملا تھا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا اور گزشتہ حکومت میں پنجاب کو مؤکل چلا رہے تھے۔
راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ آج پنجاب اس مقام پر پہنچ چکا ہے جہاں ہزاروں ٹن کوڑا اٹھانے کے بعد اسے ضائع کرنے کے بجائے توانائی اور آمدن کا ذریعہ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کی کوشش ہے کہ کوڑے سے بائیو گیس تیار کی جائے اور وہ آئندہ ایک ہزار دنوں میں اس منصوبے کو عملی شکل دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب منصوبہ غیر معمولی کامیابی حاصل کر چکا ہے اور صوبے کے ہر شہر میں 2 لاکھ کے قریب اہلکار صفائی کے انتظامات انجام دے رہے ہیں۔ اس منصوبے کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی کامیابی کے بعد ستھرا آزاد کشمیر، جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی ستھرا پنجاب کی طرز پر صاف ستھرا خیبرپختونخوا کے نام سے صفائی کا منصوبہ شروع کیا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب اب صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ کوڑے سے توانائی پیدا کرنے اور اسے معاشی فائدے میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی اور اگلے ایک ہزار دنوں میں بھی کام کی رفتار نہیں رکنے دیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں کی محنت اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی ویڈیوز شوق سے دیکھتی ہیں۔ خصوصاً جب نوجوان لیپ ٹاپس کی اَن باکسنگ کرتے ہیں تو انہیں بہت خوشی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو اپنے بچوں کی محنت، نتائج اور کامیابیوں کو نہ صرف سراہتا ہے بلکہ انہیں سلام پیش کرنے کے ساتھ گارڈ آف آنر بھی دیتا ہے۔