1000302499

امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے تھامس مارکل کے لاس اینجلس میں واقع خفیہ گھروں کی تلاشی لینے کا فیصلہ کیا ہے جہاں مبینہ طور پر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی سے متعلق مواد موجود ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ پیش رفت تھامس مارکل کے بیٹے تھامس مارکل جونیئر کی جانب سے تیسرے ممکنہ متنازع ذخیرے کا انکشاف کرنے کے بعد سامنے آئی ہے، اس سے قبل میکسیکو میں بھی مبینہ طور پر بچوں سے متعلق متنازع مواد برآمد ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق کیلیفورنیا میں کرائے پر لیے گئے ان گھروں میں برطانوی شاہی خاندان سے منحرف شہزادہ ہیری کی اہلیہ و اداکارہ میگھن مارکل کا پرانا سامان اور تھامس مارکل کی ذاتی یادگاریں بھی موجود ہیں جن کی اب بچوں سے متعلق قابلِ اعتراض مواد کے حوالے سے تلاشی لیے جانے کا امکان ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق میگھن مارکل والد کے خلاف الزامات اور بچوں سے متعلق متنازع مواد برآمد ہونے پر بے حد پریشان ہیں اور ان کی سیکیورٹی کو بھی خطرات لاحق ہیں، میگھن اس معاملے سے خود کو دور رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں. دوسری جانب تھامس مارکل جونیئر نے برطانوی اخبار دی سن کو انٹرویو میں بتایا ہے کہ میرے والد نے تقریباً 15 سال سے 2 گھر کرائے پر لیے ہوئے ہیں، ایک میں میگھن کا پرانا فرنیچر جبکہ دوسرے میں میگھن کی کتابیں، تصاویر، ہالی ووڈ کیریئر کی یادگاریں اور میگھن کے کالج کا سامان موجود ہے۔ ان کے مطابق والد کئی مرتبہ لاس اینجلس جا کر یہ سامان منتقل کرنے کا کہتے رہے تاہم ہر بار اپنا ارادہ بدل لیتے تھے، ایک مرتبہ وہ والد کے ساتھ گھر بھی گئے تھے لیکن انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور وہ استقبالیہ پر انتظار کرتے رہے۔تھامس جونیئر نے بتایا کہ میرے والد دونوں گھروں کا ماہانہ تقریباً 700 ڈالرز کرایہ ادا کرتے ہیں اور اس کی رسیدیں اب بھی والد کو ای میل کے ذریعے موصول ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خاندان کے کئی افراد نے سامان منتقل کرنے کی پیشکش کی لیکن والد نے ہمیشہ انکار کر دیا، میکسیکو میں مبینہ مواد کی برآمدگی کے بعد مجھے اب ان گھروں کی اہمیت کا احساس ہو رہا ہے۔ تھامس جونیئر نے یہ بھی کہا ہے کہ والد کے بارے میں سامنے آنے والے انکشافات نے مجھے شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے، ایف بی آئی جلد از جلد دونوں گھروں کی تلاشی لے تاکہ معلوم ہو سکے کہ وہاں کیا کچھ موجود ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#World