بھارت میں معروف فنکاروں اور شوبز شخصیات کو قتل اور حملوں کی دھمکیاں ملنے کا سلسلہ جاری ہے،
پولیس حکام کے مطابق بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی رہائش گاہ اور معروف پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق موصول ہونے والی ایک دھمکی آمیز ای میل میں ممبئی میں امیتابھ بچن کے بنگلے کو نشانہ بنانے کا ذکر کیا گیا تھا، جس میں 31 اکتوبر کو ممکنہ حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسی ای میل میں 27 نومبر کو پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ پر حملے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔ دھمکی آمیز پیغام میں ممبئی کے میئر کے دفتر اور بعض اسکولوں کا بھی ذکر کیا گیا، جس کے بعد متعلقہ مقامات کی سیکیورٹی کے حوالے سے اقدامات کیے گئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کو بھی مبینہ قاتلانہ حملے کے خطرے کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ اداکار سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آچکا ہے۔مسلسل دھمکیوں اور حملوں کے خدشات نے بھارت میں فلمی شخصیات اور معروف فنکاروں کی سیکیورٹی سے متعلق تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔