بھارت میں مسلمان خاتون بلقیس بانو سے اجتماعی زیادتی اور ان کے اہلِ خانہ کے قتل کے مقدمے میں سپریم کورٹ نے 17 سال سے زائد عرصہ جیل میں گزارنے والے 2 مجرموں کی عمر قید معطل کرتے ہوئے ضمانت منظور کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 28 اکتوبر کو جاری کیے گئے حکم نامے میں سپریم کورٹ نے بِپن چند جوشی اور پردیپ مودھیا کو ضمانت دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں 17 سال سے زائد عرصہ قید میں گزار چکے ہیں اور ان کی اپیل میں قانونی و حقائق سے متعلق ایسے نکات موجود ہیں جن پر مزید غور ضروری ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ نے ایک مجرم کی شدید معذوری کو بھی ضمانت کی وجہ قرار دیا ہے۔
سرکاری وکیل نے جرم کی سنگینی اور ماتحت عدالتوں کی جانب سے سنائی گئی سزاؤں کا حوالہ دے کر ضمانت کی مخالفت کی تاہم سپریم کورٹ نے دونوں مجرموں کو رہائی دے دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دفاعی وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک ملزم کا نام ابتدائی مقدمے میں شامل نہیں تھا بلکہ اسے واقعے کے تقریباً 3 سال بعد نامزد کیا گیا۔
وکیل کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس اور طبی معائنے کے دوران اپنے بیانات میں دونوں ملزمان کی نشاندہی نہیں کی تھی۔
دونوں ملزمان ان 11 مجرموں میں شامل ہیں جنہیں گجرات حکومت نے سزا میں رعایت دے کر رہا کیا تھا تاہم جنوری 2024ء میں بھارتی سپریم کورٹ نے اس رہائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم کر دیا تھا۔
بھارتی سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ گجرات حکومت کو سزا معاف کرنے کا اختیار حاصل نہیں تھا اور تمام 11 مجرموں کو 2 ہفتوں میں دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ 2002ء میں گجرات میں مسلم کش فسادات کے دوران مسلم خاتون بلقیس بانو کو جو اس وقت 21 سال کی اور 5 ماہ کی حاملہ تھیں، اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، ان کی 3 سالہ بیٹی سمیت خاندان کے 7 افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔
17 سال سے زائد قید کے باوجود مجرموں کو ضمانت ملنے سے ایک بار پھر اس مقدمے میں انصاف کے تقاضوں اور متاثرہ خاتون کے تحفظ سے متعلق سوالات اٹھ گئے ہیں