1000006404

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ سسٹم میں تبدیلیوں پر خاموشی توڑ دی۔

انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی میں اپنے پہلے میچ سے قبل ‘گلف نیوز’ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں بابر اعظم نے سینٹرل کنٹریکٹ سسٹم میں کی گئی نئی تبدیلیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان تبدیلیوں سے طویل مدت میں قومی ٹیم کو فائدہ پہنچے گا اور نوجوان کرکٹرز کے لیے بین الاقوامی کرکٹ تک رسائی کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے بورڈ کے کنٹریکٹس کی اعلیٰ ترین کیٹیگری میں شامل کیے جانے کا خیرمقدم کیا اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ سسٹم کا حصہ بنانے کے فیصلے کو سراہا۔

پاکستانی بلے باز نے کنٹریکٹ کے نظام کو نئے سرے سے ترتیب دینے کے لیے پی سی بی کی کوششوں کو تسلیم کیا اور اس نئے اقدام کو پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

بابر نے کہا کہ یہ میرے لیے اچھا ہے، مجھے اعلیٰ ترین کیٹیگری میں شامل کرنے پر میں پی سی بی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میرا خیال ہے کہ انہوں نے اعلیٰ ترین کیٹیگری میں چند کھلاڑیوں کو اس لیے رکھا ہے کیونکہ ہم تینوں فارمیٹس کھیل رہے ہیں اسی لیے انہوں نے ہمارا انتخاب کیا ان کا نظام اچھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت وہ بہت سی چیزیں تبدیل کر رہے ہیں اور میرے خیال میں یہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اچھا ہے کہ وہ کنٹریکٹس کا حصہ بن رہے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے بہتری کی بات ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے حال ہی میں فارمیٹ کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹ کا ایک نیا ڈھانچہ متعارف کرایا ہے جس میں پرانے گریڈنگ سسٹم کی جگہ پانچ مختلف کیٹیگریز شامل کی گئی ہیں۔

اس نئے نظام میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کے کھلاڑی، ٹیسٹ اسپیشلسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹی 20 کھلاڑی، ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ، اور ‘ڈیولپمنٹ کنٹریکٹس’ کے حامل کھلاڑی شامل ہیں۔

بابر اور سلمان علی آغا وہ واحد دو کھلاڑی ہیں جنہیں اس کیٹیگری میں رکھا گیا ہے جس میں ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹس شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نئے نظام کے تحت ان میں سے کسی کو بھی الگ سے ٹی ٹوئنٹی کنٹریکٹ نہیں دیا گیا ہے حالانکہ ان کی موجودہ کیٹیگری انہیں دیگر فارمیٹس میں انتخاب کے لیے نااہل نہیں بناتی۔

متعلقہ ٹیگز:#Sports