امریکی ریاست الاسکا کے انتہائی شمالی شہر اتکیاگ وک میں قطبی رات (پولر نائٹ) کا آغاز ہوگیا ہے، جہاں شہریوں کو اب مسلسل تقریباً 65 دن تک سورج طلوع ہوتا دکھائی نہیں دے گا۔
شہر میں سورج 18 نومبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 42 منٹ پر غروب ہوا تھا، جس کے بعد اب اس کی دوبارہ آمد 23 جنوری 2027 کو متوقع ہے۔
اس طرح شہر کے رہائشیوں کو دو ماہ سے زائد عرصے تک سورج کی براہِ راست روشنی دیکھنے کے لیے انتظار کرنا ہوگا۔
تاہم سورج کے طلوع نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اس دوران شہر میں مکمل تاریکی چھائی رہے گی۔ دوپہر کے قریب جنوبی افق پر ہلکی روشنی نمودار ہوتی ہے، جسے سول ٹوائی لائٹ (Civil Twilight) کہا جاتا ہے۔ اس دوران آسمان پر نیلی اور نارنجی روشنی کے دلکش مناظر بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
باقی اوقات میں شہریوں کو گھروں، دفاتر اور سڑکوں پر روشنی کے لیے مصنوعی ذرائع پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔
اس قدرتی مظہر کی بنیادی وجہ زمین کے محور کا تقریباً 23.5 ڈگری جھکاؤ ہے۔ موسم سرما کے دوران شمالی نصف کرہ سورج سے مخالف سمت میں جھک جاتا ہے، جس کے باعث قطب شمالی کے قریب واقع علاقوں میں سورج افق سے اوپر نہیں آتا۔ اس کیفیت کو قطبی رات یا پولر نائٹ کہا جاتا ہے۔
اتکیاگ وک آرکٹک سرکل سے تقریباً 320 میل شمال میں واقع ہے اور اسے امریکا کے انتہائی شمالی شہروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ شہر کی آبادی تقریباً 4 ہزار 300 افراد پر مشتمل ہے۔