بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی سالگرہ ان کے مداحوں کے لیے ہر سال ایک خاص جشن کی حیثیت رکھتی ہے، جن میں سے کثیر تعداد 2 نومبر کو ان کے گھر ’’منّت‘‘ کے باہر لازمی جمع ہوتی ہے۔
اس سال بھی منظر کچھ مختلف نہ تھا جب کنگ خان 61 برس کے ہو گئے۔ اداکار نے اپنے ممبئی والے گھر کی بالکونی میں آ کر ان کا انتظار کرنے والے مداحوں کے سمندر کا استقبال کیا۔
شاہ رخ نے اپنے روایتی انداز میں دونوں بازو پھیلانے والا پوز دیا، جس پر ہجوم کی جانب سے پرجوش نعرے گونج اٹھے۔ یہ ایک ایسا منظر تھا جو ان کے مداح بے شمار بار دیکھ چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کا جوش و خروش ہمیشہ کی طرح دیدنی رہا۔شاہ رخ خان کی آمد سے کئی گھنٹے قبل ہی مداح منّت کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔ بہت سے لوگ ہاتھوں میں پوسٹرز اٹھائے، نعرے لگاتے اور ان کا وہی مشہور پوز بناتے ہوئے ان کی ایک جھلک کے منتظر تھے۔آخر کار کنگ خان بالکونی میں آئے اور ہاتھ ہلا کر اپنے روایتی پوز کے ساتھ ہجوم کا شکریہ ادا کیا۔ اس ایک جھلک نے وہاں موجود ہزاروں مداحوں کو والہانہ جوش سے بھر دیامداحوں کے لیے اس سالگرہ کے موقع پر ایک اور بڑا سرپرائز بھی منتظر تھا۔ آدھی رات کے فوراً بعد، شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’’کنگ‘‘ کے تشہیری پوسٹرز منّت کے باہر لگی بڑی اسکرینوں پر روشن ہو گئے، جو فلم کی پروموشنل مہم کے باقاعدہ آغاز کا اشارہ تھا