1000004682

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ 15 جنوری سے پہلے 28ویں آئینی ترمیم منظور ہوجائے گی۔

نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ وکلا کے دو گروپس آئینی ترمیم تیار کررہے ہیں اور نئے صوبوں پر ریفرنڈم کا بھی جلد اعلان ہوجائے گا

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نہیں چاہتے یہ کام ہو، اب دیکھنا یہ ہے کیا کینالز کی طرح اس کو بھی روک لیتے ہیں یا اسٹیبلشمنٹ سسٹم ری سیٹ کا کام کروانے میں کامیاب ہو جاتی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 28ویں آئینی ترمیم کی مشروط حمایت کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 28ویں آئینی ترمیم کی مشروط حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔ اکثریت نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کی صورت میں اس کی حمایت کی جائے گی۔

علاوہ ازیں، اجلاس میں 6 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جو عمران خان تک رسائی و علاج کے معاملات دیکھے گی، حکومت اور متعلقہ شخصیات سے معاملات کو طے کرے گی۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan