دسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے کمسن ملازمہ فاطمہ اصغر ہلاکت کیس میں ملزمان پر کم عمر بچوں سے ملازمت کے قانون کی دفعہ 3 لگانے کا حکم دے دیا ہے
عدالت نے بچوں پر تشدد اور کم عمر بچوں کو بے سہارا چھوڑنے کی دفعات کا کیس بھی شامل کرنے کا حکم دیا۔
تفتیشی افسر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نادرا کے جائزے کے مطابق بچی کی عمر 11 سال 11 ماہ تھی۔
اسپیشل پراسیکیوٹرز وقاص ہرل اور واجد منیر نے بتایا کہ ملزمان کا فوٹو گرامک ٹیسٹ آج کروایا گیا ہے۔
ملزمہ کے شوہر ایف آئی اے افسر نے تفتیش جوائن کر لی ہے، ملزمہ افشاں کے دیگر گھریلو ملازمین کے بیانات بھی ریکارڈ کر لیے گئے ہیں اور دونوں ملزمان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانا ہے، ملزمہ افشاں کی جانب سے آئی فون کا پاس ورڈ فراہم نہیں کیا جا رہا۔
اس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو مزید تفتیش کے مختلف نکات کا تعین کرنے کی ہدایت کی اور حکم نامے میں کہا کہ مقتولہ، اس کے والد اور ایف آئی اے افسر کے درمیان تعلق کا تعین ابھی ہونا ہے۔
حکمنامے میں مزید کہا گیا کہ بچی کس مقصد کے لیے ایف آئی اے افسر کے گھر تھی؟ یہ بھی تعین ہونا ہے، ملزمہ کے خاوند، ملازمین اور پڑوسیوں کے دفعہ 161 کے بیانات نہیں لیے گئے۔
حکمنامے میں یہ بھی کہا گیا کہ بیانات سے تعین ہونا ہے کہ بچی سے مشقت تو نہیں کروائی جا رہی تھی، کمپلینٹ کا ابھی تعین نہیں کیا گیا کہ اس کے بدلے کوئی مالی لین دین تو نہیں کیا جا رہا تھا۔
عدالتی حکمنامے میں کہا گیا کہ ملزمہ کے خاوند کا کردار اور 3 سال سے بچی کو سرکاری رہائش گاہ پر رکھنے کی وجوہات کا تعین ہونا باقی ہے، بچی کی ہلاکت کن حالات میں ہوئی؟ اس کا تعین بھی ابھی ہونا باقی ہے۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ نئی دفعات کیس میں شامل کرنے کے حوالے سے آئندہ سماعت پر عدالت کو آگاہ کریں، رپورٹ کے مطابق ڈی وی آر کی تصدیق این سی سی آئی اے نے کر دی ہے۔
عدالت نے متعلقہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا مکمل ٹرانسکرپٹ تیار کرنے کا حکم دیا اور ملزمان کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی