وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچ کالونی مین عمارت گرنے کے واقعے میں سیکریٹری بلدیات وسیم شمشادکو فوری عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے عہدے سے بھی ہٹا دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت منہدم ہونے کے سانحے سے متعلق اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور چیف سیکریٹری سندھ نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت گرنے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید غم و غصے اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسا کوئی واقعہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے جس میں جانی نقصان ہو یا شہریوں کو اذیت پہنچے
حکام کی بریفنگ کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی مشاورت سے سخت انتظامی اور قانونی فیصلے کیے۔
وزیراعلیٰ نے سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا اور ان سے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا اضافی چارج بھی واپس لے لیا
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کو وسیم شمشاد کو فوری معطل کر کے ان کے خلاف انکوائری کرنے کی سفارش بھی کر دی ہے۔
سانحے پر غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، جبکہ وزیر داخلہ کی مشاورت سے ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ 16 افسران کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ انکوائری کے بعد جو بھی ملازم اس غفلت میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مراد علی شاہ نے پولیس کو منہدم ہونے والی عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کی، جبکہ چیف سیکریٹری کو حکم دیا کہ عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی شاملِ تفتیش کیا جائے۔