فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے بلدیہ ٹاؤن میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران انسانی اسمگلنگ اور جعلی پاکستانی شناختی دستاویزات کے نیٹ ورک میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران دو شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے ایران بھجوانے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر المہاز کوچ سروس کے دفتر سے منیجر محمد سلیم کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے موبائل فونز سے مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ کے راستوں اور مالی لین دین سے متعلق پیغامات اور ریکارڈ برآمد ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فیروز اور دلدار نامی افراد نے ملزم سلیم کو فی کس 15 ہزار روپے ادا کیے تھے۔ ملزم نے دونوں شہریوں کو جیوانی کے راستے ایران پہنچانا تھا، جہاں انہیں ایجنٹس راجو اور فتح محمد کے حوالے کیا جانا تھا۔
ایف آئی اے نے یوسف گوٹھ بس ٹرمینل سے دو افغان شہریوں احمد اور عبدالرحمان کو بھی گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے پاکستانی شناختی کارڈز کی جعلی اور ردوبدل شدہ رنگین نقول برآمد ہوئیں۔
حکام کے مطابق دونوں ملزمان نے جعلی دستاویزات اور دیگر انتظامات کے لیے وکیل نامی ایجنٹ کو 65 ہزار روپے ادا کیے تھے۔
ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔