1000006486

وفاقی حکومت نے 100 روپے فی لیٹر پیٹرول سبسڈی پیکج کا دائرہ کار 1,000 سی سی انجن کی گنجائش والی گاڑیوں تک بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔اس بات کا دعویٰ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کیا ہے

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیشِ نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی تجاویز پر حکومت کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ 1,000 سی سی تک کی گاڑیوں کو پیٹرول ریلیف پیکج میں شامل کیا جائے گا، جبکہ ساڑھے 12 ایکڑ تک زرعی اراضی رکھنے والے کسانوں کو ٹریکٹر چلانے کے لیے ڈیزل پر ریلیف دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری محکمے 1,600 سی سی سے زائد انجن کی گاڑیاں استعمال نہیں کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جماعتِ اسلامی کی معاشی تجاویز کا جائزہ لینے اور ان پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کیا، اور یقین دلایا کہ سفارشات پر سنجیدگی سے غور کر کے متفقہ تجاویز کو جلد نافذ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف نے تین ماہ کی فیول ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 20 لیٹر اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان کو 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جا رہا ہے۔

اہل گاڑی مالکان اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم سے 9771 پر ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔

رجسٹریشن کے بعد پیٹرول پمپ جانے سے قبل 9771 پر TOK بھیج کر فیول ٹوکن حاصل کرنا ہوتا ہے، جسے متعلقہ پیٹرول پمپ پر دکھا کر رعایتی نرخ پر پیٹرول ملتا ہے

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan