1000006484

ملک بھر میں 800 سے زائد ایل پی جی باؤزرز غیر معیاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایل پی جی کی نئی پالیسی گائیڈ لائنز کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔ وزارت پیٹرولیم کی دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں تقریباً دو ہزار ایل پی جی باؤزرز کام کر رہے ہیں جن میں سے 800 سے زائد غیر معیاری ہیں۔

درآمدی ایل پی جی کا معیار جانچنے کے لیے انٹری پوائنٹس پر ہائیڈروکاربن ٹیسٹنگ کا نظام قائم کیا جائے گا۔ یہ نظام 30 جون 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ اوگرا لائسنس یافتہ کمپنیوں کی فروخت، ذخیرہ کرنے کی سہولتوں، سلنڈرز اور فلنگ صلاحیت کا باقاعدہ آڈٹ بھی کرے گا۔

ایل پی جی کے ذخیرے اور درآمدی سہولتوں میں اضافے کا منصوبہ بھی نئی پالیسی میں شامل ہے۔ پورٹ قاسم پر چالیس ہزار میٹرک ٹن گنجائش کا نیا ایل پی جی ٹرمینل قائم کرنے کی تجویز ہے۔ پہلے مرحلے میں دس سے بارہ ہزار میٹرک ٹن ذخیرہ کرنے کی سہولت بنائی جائے گی۔ منصوبے کے لیے زمین اور برتھ مختص کی جائے گی۔

نئے ٹرمینل کو ایس ایس جی سی کی جیٹی تک رسائی دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ پچیس ہزار ڈیڈ ویٹ ٹن صلاحیت کے جہازوں کی آمد ممکن بنانے کے لیے سمندری راستے کی ڈریجنگ کا جائزہ لیا جائے گا۔

نئی پالیسی میں قیمتوں کے تعین اور کمپنیوں کے منافع کا طریقہ کار بھی بدلا جا رہا ہے۔ درآمدی قیمت میں فریٹ، انشورنس، درآمدی پریمیم، دیگر اخراجات اور ٹیکس شامل ہوں گے۔ مقامی ایل پی جی پروڈیوسرز کو مقررہ قیمت ادا کی جائے گی جبکہ اضافی رقم فنڈ اکاؤنٹ میں جمع ہوگی۔

درآمد اور مارکیٹنگ کرنے والی کمپنیوں کو اپنے منافع اور فریٹ چارجز خود طے کرنے کی اجازت دینے کی تجویز ہے۔ سرکاری کمپنیاں حکومتی سطح پر ایل پی جی درآمد کرنے کے معاہدے بھی کر سکیں گی۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan