چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی کی صورتِحال اور جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل کو دہشت گردی کے خلاف حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور مادرِ وطن کے دفاع و سلامتی کے لیے ان کی اعلیٰ سطح کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خیبر پختون خوا پولیس کی بہادری کو سراہتے ہوئے اسے ایک بہادر صفِ اوّل کی فورس قرار دیا۔
انہوں نے دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف پولیس کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے دہشت گردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور خیبر پختون خوا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا