فرانس میں احتجاجی تحریک کے دوران 17 اکتوبر سے 16 نومبر تک 7 ہزار 184 افراد کو پولیس نے حراست میں لیا، جن میں سے 3 ہزار 53 افراد کے خلاف مقدمات کی کارروائی شروع کی گئی۔
فرانسیسی وزیر انصاف جیرالڈ دارمانین نے قومی اسمبلی کی قانونی امور کی کمیٹی کے سامنے احتجاجی تحریک کے دوران گرفتاریوں اور عدالتی کارروائیوں کے اعداد و شمار پیش کیے۔
وزیر انصاف کے مطابق گرفتار افراد میں سے 466 کو فوری سماعت کے بعد قید کی سزائیں سنائی گئیں، جبکہ 195 افراد کو فوری طور پر نافذ ہونے والی قید کی سزا ملی۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 356 افراد کی آزادی سلب کی گئی، جن میں سے 186 کو جیل بھیج دیا گیا جبکہ دیگر زیرِ حراست ہیں۔ حراست میں لیے گئے افراد میں 2 ہزار 661 نابالغ بھی شامل ہیں۔
وزیر انصاف کے پیش کردہ اعداد و شمار کا تقریباً دو تہائی حصہ 17 اکتوبر کو احتجاج کے پہلے بڑے دن سے متعلق ہے، جب مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ، آتش زنی اور بڑے اسٹورز میں لوٹ مار کے واقعات پیش آئے تھے۔
دوسری جانب پیرس کی انتظامی عدالت نے 17 نومبر کو پولیس کا وہ حکم معطل کردیا جس کے تحت دس ہائی اسکولوں اور پانچ یونیورسٹیوں کے مقامات کے 100 میٹر کے دائرے میں غیر اعلانیہ اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی تھی