گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام گزشتہ حکومت نے تبدیل کیا، ہم دوبارہ اسٹیڈیم کا نام ارباب نیاز رکھیں گے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام دوبارہ بحال کیا جائے گا، سابق حکومت 13 سالوں میں ایک گراؤنڈ نہیں بنا سکی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر راج لگنے کے بعد پہلا ٹارگٹ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہے، عوام اور سیکیورٹی فورسز کی مدد سے یہ جنگ جیتیں گے، غیر قانونی مائننگ کے خلاف ایکشن لیا گیا، ہمارے پاس ہارنے کا آپشن نہیں ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاق نے 160 ارب روپےکا پیکیج دیا، تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ٹرائی سیریز اور پی ایس ایل کے میچز کے بعد پشاور میں انٹرنیشنل میچز بھی کروائیں گے.
واضح رہے کہ پشاور میں واقع ارباب نیاز اسٹیڈیم کا پرانا نام شاہی باغ اسٹیڈیم تھا۔
یہ اسٹیڈیم 1984ء میں تعمیر کیا گیا تھا اور بعد ازاں سابق وفاقی وزیر کھیل ارباب نیاز کے نام سے منسوب کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت نے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے عمران خان اسٹیڈیم رکھ دیا تھا اب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عمران خان اسٹیڈیم کا پرانا نام بحال کرنے کا حکم دیا ہے.