اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے خلاف برسوں سے جاری بدعنوانی کے مقدمات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، یروشلم کی ضلعی عدالت نے ان کے خلاف سب سے سنگین مقدمے میں الزامات واپس لینے اور دوسرے مقدمے پر نظرثانی کرنے کی سفارش کردی
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق بدھ کو یروشلم کی ضلعی عدالت میں سماعت کے دوران جج ریوکا فریڈمین فیلڈمین نے اٹارنی جنرل گالی بہاراو میارا کو بتایا کہ مقدمہ نمبر 4000 میں نیتن یاہو کو سزا ملنے کے امکانات کم ہیں، اس لیے استغاثہ کو رشوت کے الزامات واپس لینے پر غور کرنا چاہیے۔
مقدمہ نمبر 4000 میں الزام ہے کہ نیتن یاہو نے ٹیلی مواصلاتی کمپنی بیزک کے مالک شاؤل ایلووچ کو ایک ارب شیکل سے زائد مالیت کے سرکاری فوائد پہنچائے، جس کے بدلے انہیں ایلووچ کی ملکیتی ویب سائٹ والا پر سازگار خبریں شائع کرانے میں مدد ملی۔
عدالت نے مقدمہ نمبر 2000 پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ فرد جرم میں بیان کردہ اقدامات واقعی مجرمانہ فعل کے زمرے میں آتے ہیں یا نہیں۔ اس مقدمے میں نیتن یاہو پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک اخبار سے مثبت کوریج حاصل کرنے کے بدلے اس کے حریف اخبار کی اشاعت محدود کرنے کی کوشش کی۔
تیسرے مقدمے نمبر 1000 میں نیتن یاہو پر بیرون ملک کاروباری شخصیات سے مہنگے تحائف، سگار اور شیمپین وصول کرنے کے بدلے مبینہ طور پر سرکاری رعایتیں دینے کا الزام ہے۔ عدالت نے اس مقدمے کو کسی مناسب قانونی سمجھوتے کے ذریعے نمٹانے کی تجویز دی۔
اٹارنی جنرل گالی بہاراو میارا نے کہا ہے کہ وہ عدالتی سفارشات کا استغاثہ کی ٹیم کے ساتھ جائزہ لیں گی۔ تاہم عدالت نے واضح کیا کہ اس کی سفارشات حتمی فیصلہ یا نیتن یاہو کی بریت نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ نیتن یاہو اپنے خلاف بدعنوانی کے مقدمات میں پہلے ہی صدارتی معافی کی درخواست دے چکے ہیں۔ انہوں نے 30 نومبر 2025 کو اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کو باضابطہ درخواست بھیجی تھی، تاہم الزامات تسلیم نہیں کیے تھے۔ صدر ہرزوگ نے تاحال معافی کی درخواست پر حتمی فیصلہ کرنے کے بجائے قانونی سمجھوتے کی کوشش کو ترجیح دی ہے۔