بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کو امریکی جریدے ٹائم کی پہلی ’ٹائم 100 نیکسٹ انڈیا‘ فہرست کے کور (سرورق) کے لیے منتخب کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو بھارتی فلمی صنعت میں اپنے مؤثر کرداروں اور خواتین کے لیے زیادہ محفوظ اور مساوی پیشہ ورانہ ماحول کے فروغ کی مسلسل کوششوں کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا ہے۔
جریدے ٹائم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس فہرست کا اعلان کرتے ہوئے عالیہ بھٹ کو بالی ووڈ کی ایک نمایاں شخصیت قرار دیا اور ان کے انڈسٹری میں قدم رکھنے سے لے کر بھارت کی معروف اداکاراؤں میں شامل ہونے تک کے سفر کو اجاگر کیا۔
جریدے نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ عالیہ بھٹ نے اپنے کیریئر میں ایسے کرداروں کا انتخاب کیا جنہوں نے بطور اداکارہ ان کی صلاحیتوں کو آزمایا، ان میں فلم اڑتا پنجاب میں ایک بہاری تارکِ وطن مزدور خاتون کا کردار بھی شامل ہے، جس پر انہیں بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ ملا تھا۔
اداکاری کے علاوہ عالیہ بھٹ فلمی سیٹس پر خواتین کے لیے بہتر ماحول کی ضرورت پر بھی آواز اٹھاتی رہی ہیں۔
انہوں نے کام کی جگہ پر تحفظ اور تفریحی صنعت میں خواتین کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا ہے۔
ٹائم 100 نیکسٹ انڈیا کے سرورق کے لیے ان کا انتخاب ان کے کیریئر میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے، جس کا آغاز 2012ء میں ہوا تھا اور اس کے بعد سے وہ بھارتی سنیما میں مختلف نوعیت کے متعدد کردار ادا کر چکی ہیں