سپریم کورٹ آف پاکستان نے ملزم کی ضمانت منظور کرنے کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ملزم کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے آٹھ اصول طے کردیئے ہیں ۔
سپریم کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر نے فیصلہ تحریر کیا اور قرار دیا اگر ضمانت کا حکم غیرقانونی،ناانصافی پر مبنی ہو تو ضمانت منسوخ ہوگی، ملزم اگر ضمانت کی رعایت کا ناجائز استعمال کرے ،گواہوں پر دباؤ ڈال کر شواہد متاثر کرنے کی کوشش کی جائے، ملزم تفتیش میں مداخلت کرنے کی کوشش کرے، یا اس کے فرار کا امکان ہو تو عدالت ضمانت منسوخ کرسکتی ہے، ملزم آزادی کا ناجائز فائدہ اٹھاکر اسی نوعیت کا دوبارہ جرم کرے یا دوران تفتیش نئے حقائق اور شواہد سامنے آئیں تو بھی ضمانت منسوخ ہوسکتی ہے ۔ مارچ 2024 میں لاڑکانہ میں تار ٹوٹنے سے نور حسین شخص جاں بحق ہوگیا تھا ۔ حادثہ ڈسپوزل فیز سے خصوصی لائن کھینچ کر دکانوں کو بجلی فراہمی کے دوران پیش آیا ۔ سیشن جج لاڑکانہ نے ملزم علی اصغر کھوکھر کی قبل از گرفتاری ضمانت مسترد کی تھی۔سندھ ہائیکورٹ نے نو ماہ کی تاخیر اور دیگربنیادوں پر ملزم کی ضمانت منظور کرلی جس کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔